بھارتی وزیر داخلہ کا بیان پاکستان دشمنی پر مبنی ہے، ترجمان دفتر خارجہ

298

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی وزیر داخلہ امت شاہ کے سرجیکل اسٹرائیکس سے متعلق بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی وزیر داخلہ کا بیان پاکستان دشمنی پر مبنی ہے، امت شاہ کا بیان آر ایس ایس نظریے کی عکاسی ہے۔

دفترخارجہ کے ترجمان نے بھارتی وزیر داخلہ کے بیان پر فوری ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیر داخلہ کا بیان مقبوضہ کشمیر میں مظالم سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے، بھارتی وزیر داخلہ کا بیان سیاسی مصلحت کو بیان کرتاہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے،جو کسی بھی قسم کی جارحیت کو ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے،2019میں بالاکوٹ میں بھارتی غلط فہمی کا بھرپور جواب اس کی مثال ہے،بھارتی فوجی طیارہ گرانا اور پائلٹ پکڑنا فوج کی تیاریوں کا ثبوت ہے۔

خیال رہے کہ بھارتی وزیر داخلہ نے ایک بیان میں پاکستان  پر الزام لگاتے ہوئے دھمکی دی کہ مقبوضہ کشمیر میں پاکستان دخل اندازی کرتا رہا تو بھارت ایک بار پھر سرجیکل اسٹرائیک کرے گا۔