کھلاڑی بچے نہیں، دبائو میں آئے بغیر کھیلنا ہوگا، جاوید میانداد

648

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سابق ٹیسٹ کپتان اور اپنے دور کے عظیم بیٹسمین جاوید میاں داد نے عالمی کپ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں اچھے نتائج پانے کے لیے قومی ٹیم کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف دبا میں آئے بغیر کھیلنا ہوگا ۔ کراچی پریس کلب میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے جاوید میاں داد نے کہا کہ قومی ٹیم کو میگا ایونٹ میں ہم آہنگ ہوکر کھیلنا ہوگا، ہر کھلاڑی اپنی ذمہ داری ادا کرے، ضروری نہیں پرفارمنس دینے والا ہی اچھا کھیلے، ایک یا دو کھلاڑیوں پر انحصار کرنا نقصان دہ ہوگا، فتح کے لیے ایک ٹیم کی حیثیت سے کھیلنا ہوگا۔جاوید میاں داد نے کہا کہ بھارت کے خلاف جیت کے لیے مستقل مزاجی ضروری ہے، گھبرانا نہیں کھلاڑی بچے نہیں ہیں، وہ اپنے اندر اعتماد پیدا کریں جہاں ٹیم میں ردو بدل کی ضرورت ہو وہاں تبدیلی کی جائے۔سابق کپتان نے مزید کہا کہ جب دو ٹیمیں آمنے سامنے ہوتی ہیں تو کسی ایک کی جیت ہوتی ہے، اچھا کھیل کر ہاریں تو فرق نہیں پڑتا، غلطیوں سے سیکھنا چاہیے غلطیوں کو دہرانا خطرناک ہوگا، ہمارے بیٹسمینوں کو چاہیے کہ وہ موقع کی مناسبت سے کھیلنے کی کوشش کریں، ہر طرز کے بولر کی گیند کو میرٹ کے مطابق کھیلنے کی ضرورت ہوگی۔