قومی کھلاڑیوں کی ناقص کار کردگی ، ورلڈ کپ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں تبدیلی متوقع

430

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے قومی اسکواڈ میں شامل کچھ کھلاڑیوں کی نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں ناقص پرفارمنس نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے منتخب کھلاڑیوں کی نیشنل ٹی ٹوئنٹی میں بری پرفارمنس پر سلیکشن کمیٹی پر بھی تنقید ہونے لگی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی میں بعض کرکٹرز کی کارکردگی بہتر نہ ہوئی تو اسکواڈ میں تبدیلیاں ہو سکتی ہیں، ورلڈ کپ اسکواڈ میں تبدیلی کے لیے ابھی پی سی بی کے پاس وقت ہے، اسکواڈ میں ایک سے زیادہ تبدیلیاں بھی ہو سکتی ہیں۔ذرائع کا بتانا ہے کہ اعظم خان، خوشدل شاہ، صہیب مقصود اور آصف علی کی کارکردگی کا جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ ٹریول ریزرو میں شامل فخر زمان 15 رکنی اسکواڈ میں شامل ہو سکتے ہیں۔یاد رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز ختم ہونے پر نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کو بورڈ نے ورلڈ کپ تیاریوں کا حصہ قرار دیا تھا، اسی وجہ سے پی سی بی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اسکواڈ کے کھلاڑیوں کی ٹی ٹوئنٹی کپ میں شرکت کو یقینی بنایا ہے۔