جماعت اسلامی نے گیس ادویات اور سرجیکل آلات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کردیا

128

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے نائب امراء ممتاز حسین سہتو،پروفیسر نظام الدین میمن،حافظ نصراللہ عزیز، عبدالغفار عمر اور اظہار الحق نے رواں مہینے میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے کے بعد بجلی،گیس اور سرجیکل آلات اور ادویات کی قیمتوں میں 10فیصد اضافے کی منظوری کو عوام دشمن اور ظالمانہ اقدام کو واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے برسراقتدار آنے کے بعد بجلی،گیس، پیٹرول، ادویات،روزمرہ اشیائے خوردونوش اور ادویات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے عام آدمی کا جینا دوبھر کردیا ہے، ڈالر کی اونچی اڑان، روپے کی بے قدری اورچینی آٹا مافیاز کی حکومتی چھتری تلے لوٹ مار کی وجہ سے آج لوگ معصوم بچوں سمیت خودکشیاں کرنے پر مجبور ہوچکے ہیں۔انہوں نے آج ایک مشترکہ بیان میں مزید کہا کہ ایک کروڑ نوکریاں، پچاس لاکھ گھر اور قرضے اتارنے کی دعویدار پی ٹی آئی حکومت نے سابقہ تمام حکومتوں کی کرپشن، نااہلی اور عوام دشمن پالیسیوں کو بھی مات دیدی ہے، آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر توانائی کی تمام سہولیات مہنگی، روپے کی قدر میں کمی کرکے لوگوں سے جینے کا حق بھی چھین لیا گیا ہے،ذاتی مفادات کے اسیراور محلات میں رہنے والے موجودہ تبدیلی کے دعویدار حکمرانوں کو عوام کے دکھوں کا کوئی ادراک نہیں ،مہنگائی کے اشو پر حکومتی وزراء اور مشیرڈہٹائی سے جھوٹ بولنے کے عادی ہوچکے ہیں،تین سال میں ملک تیس سال پیچھے جبکہ عوام دشمن اور عالمی مالیاتی ادااروں کی ڈکٹیشن پر بنائی گئی معاشی پالیسیوں کی وجہ سے لوگ فاقہ کشی پر مجبور ہوچکے ہیں، موجودہ حکمران عوام کیلئے کورونا وبا سے بھی زیادہ خطرہ بن چکے ہیں ، پیٹرول کی قیمت بڑھنے پر حکمرانوں کو چور اور ڈالر مہنگا ہونے پر قرضوں میں اضافے کا ذمہ دار حکمرانوں کو قرار دینے والے عمران خان آج سابقہ حکمرانوں سے بھی زیادہ عوام دشمن بن کر مسلسل ظلم کررہے ہیںجن کو عوام کے حقوق سے کوئی سروکار نہیں ہے یہی وجہ ہے کہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہونے کے باوجود ملک کے عوام کی اکثریت بھوک، بدحالی، بیروزگاری اور مہنگائی جیسے عذاب کا شکار ہیں، اس عذاب سے چھٹکارہ حاصل کرنے کیلئے اب عوام کو اہل،ایماندار اور کرپشن سے پاک لوگوں کو منتخب کرنا ہوگا، لوگ سرمایہ داروں، وڈیروں، چوہدریوں اور سرداروں کو آنے والے الیکشن میں مسترد کرکے ملک کی ترقی اور اپنے آنے والی نسلوں کی بھلائی کیلئے روشن مستقبل اہل لوگوں کو اقتدار کے ایوانوں تک پہنچائیں ۔صوبائی رہنمائوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت عوام پر رحم کرے اور ادویات کی قیمتوں میں اضافہ واپس گیس اور بجلی کی قیمتوں میں متوقع اضافے سے باز رہے، اس سے پہلے بھی حکومت ادویات کی قیمتوں میں 300 فیصد اضافہ کر چکی ہے اب ادویات عوام کی خرید سے نکل چکی ہے۔