نوازشریف فرار،چھوٹا بھائی راستے کی تلاش میں ہے،شیخ رشید

325
اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید خوشگوار موڈ میں مچھلیوںکا شکار کررہے ہیں

اسلام آباد(اے پی پی)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حمزہ شہباز کا بیان حقیقت پر مبنی ہے، مریم نواز بات کا پتنگڑ بنانا چاہتی ہیں،انہوں نے تو کورونا ویکسین کو بھی دنیا میں پاکستان کو بدنام کرنے کے لیے استعمال کیا، م ہو یا ش دونوں گروپس آگے جا کر اپنا اپنا بیانیہ دیں گے، اگلے 3 ، 4 ماہ میں دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا، آگے جا کر ن لیگ کے دونوں گروپس الگ الگ بیانیہ دیں گے،نواز شریف اور مریم نواز کا ملکی سیاست میں کوئی مستقبل نہیں ہے،اپوزیشن کا52جلسوں کا شیڈول ان کے لیے نقصان کا باعث بنے گا۔ اتوار کو حمزہ شہباز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی لڑائی آج کی نہیں ہے، یہ دہائیوں کی لڑائی ہے، سیاست کے لیے ان کا چہرہ اور ہے جبکہ دل اور دماغ اورہیں،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے حمزہ شہباز کا بیان حقیقت پر مبنی ہے۔ شیخ رشیدنے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ ن لیگ کے اندر اس وقت بیانیے کی جنگ ہے، نواز شریف ملک سے فرار ہو چکے ہیں اور فراری لندن میں برگر کھا کر بیان جاری کرتا ہے جبکہ دوسرا بھائی گھیرے سے نکلنے کے لیے راستہ تلاش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے قائدین کی پالیسیوں میں واضح تضاد موجود ہے، یہ منافق لوگ ہیں لیکن وقت آنے پر ایک ہو جاتے ہیں اور مطلب کے وقت گڈ کاک اور بیڈکاک کھیلتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز کا ملکی سیاست میں کوئی مستقبل نہیں ہے، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف بدعنوانی کے سنگین مقدمات ہیں، اگر وہ ان کیسز سے بچ جاتے ہیں تو اس کے بعد ان کی سیاست کے بارے معلوم ہو سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت افغانستان کی صورتحال نے دنیا کی سیاست کا رخ موڑ دیا ہے اور پاکستان خطے میں اہم کردار ادا کرنے جا رہا ہے،اپوزیشن کو سیاست کے لیے اور وقت مل جائے گا ،اس وقت اپوزیشن کو چاہیے کہ قومی مفاد میں حکومت کے ساتھ مل کر کام کرے۔