قومی ٹیم عالمی کپ میں کیویز کو شکست دے گی،فیصل جاوید

206

راولپنڈی(سید وزیر علی قادری) قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے انعقاد سے دنیا کو بتائیں گے کہ پاکستان کرکٹ کا دل ہے، ملک کے کسی حصہ میں سیکورٹی رسک نہیں، عالمی ٹی ٹوئنٹی کپ میں نیوزی لینڈ کو شکست دے کر ہماری ٹیم قوم کی مایوسی کو خوشی میں تبدیل کرے گی۔ یہ بات گزشتہ روز سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین برائے اطلاعات و نشریات سینیٹر فیصل جاوید نے نمائندہ جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے افتتاحی میچ میں میڈیا سینٹر کے دورے کے دوران نے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ اور چیرمین رمیز راجا کی کاوشوں کی تعریف کی کہ جن کی قائدانہ صلاحیت کی بدولت میگا ایونٹ کا میلہ سجا۔ ان کا کہنا تھا کہ دراصل خفت نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی ہوئی ہے کہ دنیا سے ان کے رویہ کو ناپسند کیا جارہا ہے اور پاکستان سے ان کی ٹیم سمیت دیگر ممالک سے وابستہ کرکٹ کے کھلاڑی اس اقدام کی مخالفت کررہے ہیں اور پرزور انداز میں پاکستان کے اس واصح اعلان کو کہ 200 فیصد ملک ہر کھیل اور سیاحت کے لیے موزوں ہے اور کسی قسم کا سیکورٹی مسئلہ درپیش نہیں۔ انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشل کرکٹ کونسل میں ہمارا مدعا بہت وزنی ہے اور یقین ہے کہ پاکستان سرخرو ہوگا۔ ایک اور سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ میں پاکستان کی عوام پہلے اپنے روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ کو جینے مرنے کا درجہ دیتی تھی مگر امارات میںآئندہ ماہ منعقد ہونے والے میگا عالمی ایونٹ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں اب اس کے گروپ میں کیوہز کو شکست دینا بھی بڑے معرکے آور کرکٹ کے بت کو گرانے سے کم نہ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ٹورنامنٹ سے قومی ٹیم کو زیادہ بہتر طریقے سے پریکٹس اور اپنی کمزوریوں کو دور کرنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ کپتان وزیر اعظم عمران خان کا ٹیم سے ملاقات کے دوران یہ ہی کہنا تھا کہ شاباش کھیل کے میدان میں اس طرح داخل ہو کہ فتح یاب ہوکر ہی پویلین لوٹنا ہے۔