ہیٹی کے مہاجرین سے ہتک آمیز سلوک پر امریکی نائب صدر کی تنقید

95

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا کی نائب صدر کملا ہیرس اور دیگر اعلیٰ عہدے داروں نے میکسیکو کی سرحد سے امریکامیں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے ہیٹی کے مہاجرین سے سرحدی محافظوں کی جانب سے کیے گئے ناروا سلوک کی سخت مذمت کی ہے۔ نائب صدر اور دیگر حکام کی طرف سے یہ ردِعمل سرحدی اہل کاروں کی جانب سے گھوڑوں پر سوار ہوکر مہاجرین پر تشدد کی وڈیو وائرل ہونے کے بعد دیا گیا۔ نائب صدر نے کہا کہ گھڑ سوار بارڈر پیٹرول اہل کاروں نے جس طرح انسانوں سے یہ سلوک کیا وہ خوف ناک ہے۔ وہاں جو کچھ ہو ااس کی مکمل تحقیقات کی جائے گی۔ انسانوں سے ایسا سلوک کبھی روا نہیں رکھا جانا چاہیے۔کملا ہیرس نے بتایا کہ وہ اس سلسلے میں ہوم لینڈ سیکورٹی کے چیف ایلے ہیندرو مائیورکاس سے بات کریں گی۔ ادھر مائیورکاس نے مبینہ نامناسب انداز میں کی گئی کارروائیوں کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ واقعے کی تصاویر اور وڈیو فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اہل کار ریو گرینڈ کے مقام پر جمع ہونے والے ہزاروں مہاجرین میں کو پکڑنے کی کوشش کر رہے ہیں اور اپنے گھوڑوں سے انہیں میکسیکو کی طرف واپس دھکیل رہے ہیں۔ ہوم لینڈ سیکیورٹی کے چیف نے کہا کہ سرحد پر ہونے والے واقعات کی تصویریں دیکھ کر انہیں بہت خوف آیا۔