قومی اسمبلی: مہنگائی آسمان پر، 50 لاکھ افراد بیروزگار ہوگئے، شہباز شریف

269

اسلام آباد(صباح نیوز)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف وپاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ نااہل حکومت کے 3 سال کے دوران مہنگائی آسمان پر پہنچ چکی، 50 لاکھ افراد بیروزگار ہوگئے، یہ لوگ اس وقت بھیک مانگنے پر مجبور ہیں، غریب کے گھروں میں چولہا ٹھنڈا ہوچکا ہے۔ قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پی آئی اے، اسٹیل ملز کے ہزاروں ملازمین کو بیروزگار ہم نے نہیں کیا، ہم نے بجلی کے اندھیرے دور کیے، انہوں نے قرضے لیے اور ایک دھیلے کا منصوبہ نہیں بنایا۔ شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کس منہ سے ہمیں طعنے دے رہی ہے، کہاں گئیں ایک کروڑ نوکریاں؟ پاکستان کی تاریخ میں اتنی مہنگائی نہیں دیکھی، غریب کیلیے ایک وقت کی روٹی مشکل ہوچکی ہے، میرے بزرگوں نے اتفاق فاؤنڈری کی مشینیں بیچ کر بینکوں کے قرضے ادا کیے، یہ باتیں کرنے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں۔ اپوزیشن لیڈر کے خطاب کے دوران پی ٹی آئی کے علی محمد خان نے کہا کہ نوازشریف نے اسی ایوان میں کہا تھا کہ یہ ہیں وہ ذرائع! نوازشریف نے ذرائع نہیں بتائے قطری خط پیش کردیا۔ قائد ن لیگ کوعدالت نے بلایا تو انہیں آنا چاہیے، عمران خان نے عدالت میں سب کچھ دیا اورصادق اورامین ڈکلیئرہوئے۔ نواز شریف سے متعلق الزامات پر شہباز شریف نے کہا کہ کسی لمبی بحث میں نہیں پڑنا چاہتا، ریکارڈ درست کرنا چاہتا ہوں، میرے بھائی کو سزا پاناما نہیں بلکہ اقامہ میں ہوئی تھی، اگر حقائق پیش کرونگا تو لمبی بحث ہوجائے گی۔ اسی دوران قومی اسمبلی میں اپوزیشن اور حکومتی بنچوں سے شور شرابا ہوا اور اسپیکر نے اجلاس ہی ملتوی کر دیا۔