کرکٹ دوروں کی منسوخی کے حقائق سامنے لائے جائیں،عمران خان

188

اسلام آباد/ولنگٹن(نمائندہ جسارت+آن لائن + صباح نیوز) وزیراعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے دوروں کی منسوخی سے متعلق حقائق سامنے لگانے کی ہدایت کردی۔ ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں وزیراعظم نے سینئر وزرا سے مشاورت کی۔عمران خان کی ہدایت پر وزیر داخلہ شیخ رشید اور وزیر اطلاعات فواد چودھری جلد حقائق سے آگاہ کرنے کے لیے پریس کانفرنس کریں گے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ حکومت نے دونوں ٹیموں کے دوروں کی منسوخی میں بیرونی سازشوں کا پردہ چاک کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں جعلی اکاؤنٹس سے ای میلز اور جعلی خبروں سمیت تمام حقائق سامنے لائے جائیں گے۔وزیراعظم آج بدھ کو) قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ سے ملاقات کریں گے جس میں چیئرمین پی سی بی رمیز راجا سمیت سی او او وسیم خان سمیت دیگر عہدیدار بھی موجود ہوں گے۔ علاوہ ازیں بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاکستان اکیلے افغانستان کی نئی حکومت کو تسلیم کرنے کا فیصلہ نہیں کرے گا ،سب کو ساتھ لے کر چلنے سے افغانستان میں پائیدار امن ممکن ہوگا، شنگھائی تعاون تنظیم میں افغانستان کے پڑوسی ملکوں سے تفصیلی بات ہوئی تمام رہنمائوں نے فیصلہ کیا کہ جامع حکومت کی تشکیل کے بعد افغانستان کو تسلیم کرنے کا فیصلہ ہوگا، افغان حکومت کو تسلیم کرنے سے پہلے طالبان کو انسانی حقوق کا تحفظ یقینی بنانا ہوگا،یہ بھی یقینی بنانا ہوگا کہ افغان سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہ ہو۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہطالبان جامع حکومت تشکیل نہ دے سکے تو وہاں خانہ جنگی ہوگی، جس کا مطلب عدم استحکام اور شورش ہوگا جب کہ افغانستان دہشت گردوں کے لیے ایک آئیڈیل مقام ہے جو پریشان کن ہے،طالبان جامع حکومت تشکیل دیں۔ عمران خان نے کہا کہ توقع ہے کہ طالبان خواتین کو تعلیم کی اجازت دے دیں گے ،طالبان کا کہنا ہے کہ وہ خواتین کو مرحلہ وار قومی دھارے میں شامل کریں گے، اسلام میں خواتین کے حقوق پر خصوصی زور دیا گیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ افغانستان کے دیہی ماحول کو مذہب سے نہیں جوڑا جانا چاہیے، 20 سال کی جنگ کے بعد طالبان سے اتنی جلدی توقعات رکھنا درست نہیں۔وزیراعظم نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ طالبان کو مزید وقت دیں، ان سے متعلق کچھ کہنا بہت جلدی ہوگا۔مزید برآں نیوزی لینڈ ٹیم کی طرف سے یکطرفہ کرکٹ دورہ منسوخ کرنے پرپاکستان نے نیوزی لینڈ سے باضابطہ احتجاج کیا ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان نے نیوزی لینڈ کی حکومت کو احتجاجی مراسلہ بھجوایا ہے جس میں کیوی ٹیم کے دورہ پاکستان منسوخی کے محرکات سے آگاہ کرنے کو کہا گیا ہے۔ احتجاجی مراسلہ وزرات خارجہ کی جانب سے بھجوایا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستانی ہائی کمشنر مراد اشرف جنجوعہ نے نیوزی لینڈ کی وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کی ہے۔ اس دوران ہائی کمشنر نے احتجاجی مراسلہ نیوزی لینڈ حکومت کے سپرد کر دیا۔ہائی کمشنر نے نیوزی لینڈ سے دورہ منسوخ کرنے کی وجوہات اور تفصیلات کی فراہمی کا بھی مطالبہ کیا۔پاکستانی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کا دورہ پاکستان ملتوی کرنا انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے، جس انداز میں دورہ ملتوی ہوا وہ غلط ہے، دورہ ملتوی کرنے سے متعلق کوئی تفصیلات شیئر نہیں کی گئیں، پاکستان کی پوزیشن بالکل واضح ہے۔