پنجاب: کئی شہروں میں تیز بارش‘ نشیبی علاقے زیر آب‘ بجلی معطل

204

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک اور گردو نواح میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی جس کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی اور گردو نواح میں تیز بارش ہوئی۔ بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے اور سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا۔ راولپنڈی، اسلام آباد، اٹک سمیت گردو نواح علاقوں میں بارش کے باعث بجلی فراہم کرنے والے 78 فیڈرز ٹرپ کرگئے، اسلام آباد کے 17، اٹک کے 15، راولپنڈی سٹی کے 33 اور راولپنڈی کینٹ کے 13 فیڈرز ٹرپ کرگئے۔ ترجمان آئیسکو کا کہنا ہے کہ آپریشن اسٹاف نے جن علاقوں میں بارش رک گئی ہے، بجلی بحالی کا کام شروع کر دیا ہے، صارفین بارش کے دوران بجلی کی تاروں کھمبوں اور ٹرانسفارمرز سے دور رہیں۔ خراب موسم کے باعث بجلی کی فراہمی میں آنے والے عارضی تعطل پر معذرت خواہ ہیں راولپنڈی میں بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔ سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، بارش سے مختلف علاقوں میں ٹریفک جام ہو گیا۔