جماعت اسلامی کی رابطہ عوام مہم،حکومت سے حساب لیں گے،ڈاکٹر طارق سلیم

123

راولپنڈی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی امیر جماعت اسلامی ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ جماعت اسلامی پنجاب نے 21ستمبرسے رابطہ عوام مہم کاآغازکردیا ہے جوایک ماہ تک جاری رہے گی اوراس کااختتام 22 اکتوبر کو ہوگا۔ آخری مرحلے کے دوران وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 17 اکتوبر کو امیرجماعت سراج الحق کی زیرقیادت بے روزگاری اور مہنگائی کے خلاف احتجاجی مارچ ہوگا جس میںبے روزگارنوجوانوں کا سمندروزیراعظم عمران خان سے ایک کروڑ نوکریوں کا حساب لے گا۔ صوبائی رابطہ عوام مہم کا مقصدضلعی ،زونل او رمقامی سطح کی تنظیموں کومنظم اورمتحرک کرکے بلاک کوڈ سطح تک تنظیم قائم کرکے ووٹر بنانا ہے۔ الیکشن 2023ء کے لیے قومی وصوبائی امیدوارفائنل ہوچکے ہیں، رواں ماہ کے دوران ان کااعلان کرکے دیانتدارقیادت عوام کے سامنے پیش کریں گے۔ صوبائی سیکرٹری جنرل اقبال خان نے برادر و ذیلی تنظیموں کے اجلاس میں مہم کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ مہم کو 6 مراحل میں تقسیم کیا گیا ہے۔ تنظیم کانام ،بیانیہ،قیادت وامیدوارکی پہچان کے علاو ہ ووٹرزکوجماعت اسلامی کی جانب متوجہ کرنامقصود ہے۔ اجلاس میں ڈپٹی سیکرٹری جنرل رسل خان بابر،رضوان احمد، صوبائی سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان ،ناظم اسلامی جمعیت شمالی پنجاب حسن بلال ہاشمی،صوبائی رکن شوری محمدعثمان آکاش، صوبائی نائب صدرجے آئی یوتھ عمران فراز،صدرجمعیت اتحادالعلما پنجاب امیرعثمان،صوبائی کوآرڈینیٹر مشائخ رابطہ کونسل مولانا عبدالرحیم بابر،نافع،غزالی سمیت دیگرذمے داران شریک ہوئے۔ رسل خان بابرنے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مہم کے آخری دن 22 اکتوبر کو جلسہ عام، روڈ کارواں ،ریلیوں سمیت میگاایونٹس منعقد کیے جائیں گے۔