ہر 15 دن بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ حکومتی بے حسی ہے

166

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) ضلعی صدر جماعت اسلامی یوتھ چودھری عمرفاروق گجر، ضلعی جنرل سیکرٹری راشد محمود، ضلعی نائب صدر محمد فاروق نے اپنے مشترکہ بیان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو عوام دشمن اور حکومتی بے حسی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی جانب سے ہر 15 دن بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کی وجہ سے عوامی مسائل مزید گمبھیر ہوچکے ہیں۔ مہنگائی کا گراف روز بروز اوپر اور عام آدمی کی مشکلات میں اضافہ ہورہا ہے۔ عوام کی غربت اور پسماندگی کے ذمے دار اسمبلیوں میں بیٹھے ہوئے نمائندگان ہیں جن کا اصل کام اسمبلیوں میں مؤثر قانون سازی کے ذریعے عوام کی ترقی وخوشحالی کے لیے پالیسیاں بنانا ہے لیکن وہ اپنے فرائض سے غفلت کے مرتکب دکھائی دیتے ہیں۔ رہنمائوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ تبدیلی کی دعویدار حکومت کا پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر اضافہ عوام کے ساتھ ظلم ہے۔ کپتان اور ان کی ٹیم عوام سے چیخیں نکالنے والے وعدے پر تیزی کے ساتھ عمل پیرا ہے۔