کھلاڑی موجودہ صورتحال کا غصہ اپنی پرفارمنس سے نکالیں، رمیز راجا

189

کراچی (اسٹاف رپورٹر)چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) رمیز راجا نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان منسوخ ہونا پاکستان کرکٹ کے لیے ٹھیک نہیں ،کھلاڑی اس صورت حال کا غصہ اپنی پرفارمنس سے نکالیں۔ سوشل میڈیا پر جاری اپنے ویڈیو پیغام میں رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ کرکٹ مداحوں کا اور میرادکھ ایک ہے، جو ہوا پاکستان کرکٹ کے لیے ٹھیک نہیں ہوا۔رمیز راجا نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو پیغام دیا کہ وہ اپنا غصہ اپنی پرفارمنس سے نکالیں،جب پاکستان دنیا کی بہترین ٹیم بن جائیگی تو ہمارے ساتھ ٹیمیں کھیلنے کے لیے لائنیں لگا دیں گی۔چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ہوم کرکٹ پر دباؤ بڑھا ہے، لیکن پاکستان کرکٹ پہلے بھی ایسی صورت حال سے گزر چکی ہے۔ ہم میں ڈومیسٹک کرکٹ کے ذریعے ورلڈ کلاس ٹیم بنانیکی صلاحیت ہے۔واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے گذشتہ روز سکیورٹی خدشات کو جواز بناکر پاکستان کا دورہ اچانک ختم کرنیکا اعلان کردیا تھا جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز ملتوی کردی گئی۔اس حوالے سے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے کہا ہے کہ سیریز نہ ہونے پر سب کو کتنا افسوس ہے اس بات کا مکمل اندازہ ہے لیکن کھلاڑیوں کی حفاظت کے لیے نیوزی لینڈ کرکٹ کے فیصلے کی مکمل حمایت کرتی ہوں, ہمارے لیے کھلاڑیوں کا تحفظ سب سے اہم ہے۔