بھارتی کانگریس میں پھوٹ‘ وزیراعلیٰ پنجاب مستعفی

174

چندی گڑھ (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارتی ریاست پنجاب کے وزیراعلیٰ امریندر سنگھ نے عہدے سے استعفادے دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ امریندر سنگھ نے کانگریس پارٹی میں اختلافات کے باعث استعفادیا۔ امریندر سنگھ نے موقف اختیار کیا کہ وہ اپنی تضحیک محسوس کر رہے تھے۔ انہوں نے کانگریس پارٹی کی تیسری میٹنگ کے دوران استعفادیا۔ انہوں نے استعفے سے قبل سونیا گاندھی سے ٹیلیفون پر رابطہ کرکے انہیں عہدہ چھوڑنے سے متعلق آگاہ کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیپٹن امریندر سنگھ کا کہنا تھا کہ مجھے محسوس ہورہا تھا کہ پارٹی میں میری کوئی اہمیت نہیں ہے اور مجھے نظر انداز کیا جارہا ہے۔ اسی سلوک کے باعث میں نے یہ منصب چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے، کیوں کہ میں اپنی تضحیک محسوس کر رہا تھا۔ دوسری جانب امریندر سنگھ کے جانے سے بی جے پی کے کڑے ناقد نوجوت سنگھ سدھو کو بھارتی وزیراعلیٰ پنجاب بنائے جانے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ پنجاب میں ریاستی انتخابات میں اب ایک ماہ باقی رہ گیا ہے اور وہاں کانگریس اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔