سینٹ کیٹس نے پہلی مرتبہ سی پی ایل کا ٹائٹل جیت لیا

139

سینٹ کیٹس(جسارت نیوز)کیریبیئن پریمیئر لیگ(سی پی ایل)کے فائنل میں سینٹ کیٹس نے سینٹ لوشیا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد3وکٹوں سے شکست دے کر پہلی مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ سینٹ کیٹس کے ڈومینک ڈریکس نے شاندان بیٹنگ کی بدولت160رنز کا ہدف آخری گیند پر7وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا،ڈریکس نے 24گیندوں پر 3چھکوں اور 3چوکوں کی مدد سے 48رنز کی اننگز کھیلی اور مین آف دی میچ قرار پائے۔ روسٹن چیز کو ایونٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، سینٹ کیٹس نے فتح کے بعد ٹرافی لہرائی۔ سینٹ لوشیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔اوپنرز نے سینٹ لوشیا کو 25رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اس دوران سینٹ لوشیا کے کپتان آئوٹ ہوگئے جبکہ مارک دیال بھی صرف ایک رن بنا کر چلتے بنے۔بعد ازاں 32رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد رحکیم کورن وال کا ساتھ دینے روسٹن چیز آئے اور دونوں نے 44رنز کی شراکت قائم کر کے اسکور کو 76تک پہنچایا لیکن پھر کھلاڑیوں کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔ سینٹ لوشیا نے مقررہ اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 159رنز بنائے۔جواب میں ہدف کے تعاقب میں سینٹ کیٹس کا آغاز تباہ کن تھا اور پہلے ہی اوور میں کرس گیل بغیر کوئی رنز بنائے آئوٹ ہوئے۔اننگز کے آخری اوور میں میزبان ٹیم کو فتح کے لیے 9رنز درکار تھے اور ڈریکس نے آخری گیند پر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرا دیا۔