قومی کرکٹ ٹیم 5 سال بعد بنگلا دیش کا دورہ کرے گی

184

کراچی( اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹ ٹیم کے 5 سال بعد دورہ بنگلا دیش کااعلان کردیا، دورے کے دوران3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور دو ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے، دونوں میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کا حصہ ہوں گے۔ منگل پی سی بی کے جاری ایک بیان کے مطابق دورہ بنگلا دیش کے دوران ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز شیر بنگلا اسٹیڈیم ڈھاکا میں کھیلی جائیگی۔ یہ میچ 19، 20 اور21نومبر کو کھیلے جائیں گے۔ دونوں ٹیموں کے مابین ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ ظہور احمد چوہدری اسٹیڈیم چٹاگانگ میں 26 سے 30 نومبر تک کھیلا جائے گا،سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 4 سے 8 دسمبر تک ڈھاکا میں کھیلا جائے گا۔آئی سی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ میں پاکستان کی ٹیم ایک جیت کے ساتھ فی الحال دوسرے نمبر پر موجود ہے جبکہ بنگلا دیش نے چمپئن شپ میں اپنے سفر کا آغاز ابھی نہیں کیا ہے ،قومی کرکٹ ٹیم کی بنگلا دیش روانگی کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔