پیپلز پارٹی نے کراچی کا نظام تباہ کردیا، سردار عبدالرحیم 

496

کراچی: مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے جنرل سیکریٹری سردار عبدالرحیم کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے کراچی کا نظام تباہ کردیا ہے،سندھ حکومت اپنے امیدواران کو کامیاب کرانے کے لیے من پسند افسران کو روزانہ کے بنیاد پر تبدیل کررہی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار عبدالرحیم نے کہا کہ شہر قائد کا کوئی پرسان حال نہیں کراچی کے ساتھ جتنی زیادتی اس دور میں ہورہی ہے اتنی کبھی نہیں ہوئی،  سندھ حکومت کنٹومنٹ بورڈز کے انتخابات میں ابھی سے روڑے اٹکانے کی کوشش کررہی ہے جو ہمیں کسی صورت قبول نہیں۔

رہنما فنکشنل لیگ کا کہنا تھا کہ   دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے کراچی کو ماضی کے حکمرانوں نے تباہ و برباد کردیا ہے، تاریخ میں عوام سے ہمیشہ زیادتیاں کی گئی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ  صحت، پانی، تعلیم سمیت بنیادی سہولیات سے محروم کراچی کے عوام سے سب کچھ چھین لیا گیا، شہر کو کھنڈر بنانے والی جماعت نے عوام کو ہمیشہ دھوکا ہی دیا ہے۔