لاڑکانہ کے بعد کراچی میں بھی ایڈز تیزی سے پھیلنے کا انکشاف

286

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) لاڑکانہ کے بعد کراچی میں بھی ایچ آئی وی ایڈز تیزی سے پھیلنے کا انکشاف، شہر قائد میں ایچ آئی وی کے 6 ہزار 768 کیسز رپورٹ۔ تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ کے بعد شہر قائد میں بھی ایچ آئی وی ایڈز تیزی سے پھیلنے کا انکشاف ہوا ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل معتدی الامراض سندھ ڈاکٹر ارشاد کاظمی نے اپنے وڈیو بیان میں کہا ہے کہ محتاط اندازے کے مطابق سندھ میں 70 تا 78 ہزار ایچ آئی وی مریض ہیں، ان میں سے صرف 13 ہزار 864 مریض رجسٹرڈ ہیں، متاثر ہونے والوں میں 9166 مرد،2461 خواتین، 1126 لڑکے، 730 لڑکیاں اور 421 خواجہ سرا شامل ہیں۔لاڑکانہ میں ایچ آئی وی کے رجسٹرڈ کیسز کی تعداد 2 ہزار 430 جب کہ حیدرآباد میں ایک ہزار 89 تک پہنچ گئی ہے۔ڈاکٹر ارشاد کاظمی نے کہا کہ کراچی میں ایچ آئی وی کے 6 ہزار 768 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، کراچی کے ضلع وسطی میں سب سے زیادہ مریض ہیں ضلع وسطی میں ایچ آئی وی کے 2 ہزار 725 کیسز موجود ہیں، ضلع جنوبی میں 1 ہزار 35 اور ضلع غربی میں 998، کورنگی میں 907، ملیر میں 667 جب کہ ضلع شرقی میں ایچ آئی سی ایڈز کے 436 رجسٹرڈ مریض موجود ہیں۔اس کے علاوہ لاڑکانہ میں درجنوں خواتین میں بھی ایچ آئی وی کی تشخیص ہوئی تھی۔حکام نے بتایا کہ صوبائی حکومت اور سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام کی مسلسل کاوشوں سے ایچ آئی وی ایڈز سے متاثرہ 48 ماﺅں میں سے 46 نے صحت مند بچوں کو جنم دیا، سول ہسپتال کراچی میں 26 اور شیخ زید ہسپتال لاڑکانہ میں 20 بچوں کی پیدائش ہوئی۔ سول ہسپتال کراچی میں 26 حاملہ خواتین کی خطرناک بیماری کی تشخیص ہوئی ،شیخ زید ہسپتال لاڑکانہ میں 22 کیسز سامنے آئے۔اس ضمن میں ڈاکٹرز نے کہاکہ ان تمام بچوں کو خطرناک بیماری سے بچانے کے لیے ان کی ماﺅں کا مکمل علاج کیا گیا جس کے بعد تندرست بچوں کی پیدائش ممکن ہوئی۔ سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام کے ایک افسر نے بتایا کہ ایس اے سی پی نے سندھ میں کئی سالوں سے جان لیوا بیماری کو ماں سے بچوں میں منتقل ہونے سے بچانے کے لیے کام شروع کر رکھا ہے۔