سرکاری ملازمت کا حصول کورونا ویکسین سے مشروط

163

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کورونا کے پھیلا کو روکنے کے لیے حکومت سندھ نے ایک اور اہم اقدام اٹھایا ہے۔ذرائع کے مطابق سرکاری ملازمت کا حصول بھی کورونا ویکسین سے مشروط کردیا گیا ہے، سرکاری ملازمت کی درخواست کے ساتھ کورونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ جمع کرانا ہوگا۔ کورونا ویکسین نہ لگوانے والے سرکاری ملازمت کے لیے تحریری ٹیسٹ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کے تحت اساتذہ کی بھرتیوں کے لیے ٹیسٹ آئندہ ماہ متوقع ہیں، آئی بی اے سکھر کے تحت ہونے والے تحریری ٹیسٹ میں ایک لاکھ سے زائد امیدوار شرکت کریں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ اساتذہ کی بھرتیوں کے لئے ہونے والے تحریری ٹیسٹ میں حصہ لینے والوں کو کورونا ویکسین سرٹیفکیٹ ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے، دیگر صوبائی اداروں میں بھی بھرتیوں کے لیے ٹیسٹ و انٹرویو میں کورونا ویکسین سرٹیفکیٹ جمع کرانا ہوگا۔