رواں ماہ گجر اوراورنگی نالے کوکلیئرکرنے کاعندیہ

120

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی کے سب سے بڑے گجر نالے پر آپریشن آخری مراحل میں پہنچ گیا ہے۔ اورنگی نالے پر بھی بیشتر تجاوزات کا صفایا کر دیا گیا۔ کے ایم سی انسداد تجاوزات سیل نے رواں ماہ کے اختتام تک گجر اور اورنگی نالے کو کلیئر کرنے کا عندیہ دیاہے۔شہر قائد کو برسات میں ڈوبنے سے بچانے کیلیے بڑے نالوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا کام جاری ہے۔ گجر اور اورنگی نالے سے بیشتر تجاوزات کا صفایا کر دیا گیا۔ ہیوی مشینری اور افرادی قوت بھی بڑھا دی گئی۔ انکروچمنٹ عملے نے ناظم آباد چار نمبر پر گجر نالے کے اطراف لیز مکانات مسمار کرنے کیلیے کارروائی بھی تیز کر دی۔ عدالتی حکم امتناع کے باوجود کے ایم سی انسداد تجاوزات سیل کی جانب سے منصوبے کی تکمیل کیلیے متعدد مکانات مسمار کر دیے۔ حکام کے مطابق نالوں پر انسداد تجاوزات آپریشن کے دوران 800 سے زائد کیسز کا بھی سامنا کرنا پڑا، متاثرین کو حکومتی پالیسی کے تحت معاوضہ کی ادائیگی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔