کراچی: کورونا میں مبتلا ایک اور لیڈی ڈاکٹر جان کی بازی ہارگئی

715

کراچی: پاکستان ائیرفورس میں ملازمت کرنے والی ڈینٹسٹ فلائٹ لیفٹیننٹ ڈاکٹر ماہ نور فرزند عالمی وبا کورونا کے باعث کراچی میں انتقال کرگئیں، وہ 8 ماہ کی حاملہ تھیں۔

تفصیلات کے مطابق کورونا میں مبتلا ایک اور ڈاکٹر جان کی بازی ہارگئی، ڈینٹسٹ فلائٹ لیفٹیننٹ ڈاکٹر ماہ نور فرزند کا انتقال سی ایم ایچ ملیر میں ہوا ہے اور ان کی نماز جنازہ ملیر کینٹ فیز 2 کی جامعہ مسجد میں بعد نمازِ عصر ادا کی جائے گی۔

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ڈاکٹر ماہ نور فرزند کورونا کے باعث انتقال کر گئی ہیں جبکہ ڈاکٹر ماہ نور کے والد بھی کورونا کے باعث اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

پی ایم اے کے مطابق ڈاکٹر ماہ نور فرزند سی ایم ایچ ملیر کینٹ میں زیر علاج تھیں، فلائٹ لیفٹیننٹ ڈاکٹر ماہ نور آرمی اور ائیرفورس میں ملازمت کررہی تھیں۔

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے ڈاکٹر ماہ نور کے انتقال پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے بتایا کہ ڈاکٹر ماہ نور 8 ماہ کی حاملہ تھیں اور انہوں نے حاملہ ہونے کے سبب کورونا ویکسی نیشن نہیں کروائی تھی، حاملہ خواتین کو کرونا میں مبتلا ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں، حاملہ خواتین اپنے معالج سے مشورہ کرکے ویکسین ضرور لگوائیں۔

پی ایم اے کے مطابق ملک میں اب تک 220 ڈاکٹر کورونا سے انتقال کر چکے ہیں جس میں سے صرف سندھ میں اب تک 77 ڈاکٹرز  عالمی وبا سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے ہیں۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) نے ملک میں کورونا وبا سے متعلق تازہ اعداد وشمار جاری کردیے جن میں بتایا گیا کہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے باعث مزید 75افراد انتقال کرگئے جس کے بعد ملک میں کوروناوائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 24ہزار 923 ہوگئی۔