توہین رسالت کے قانون کا غلط استعمال نہیں ہونے دینگے،طاہر اشرفی

163

لاہور(نمائندہ جسارت)وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی حافظ طاہرمحمود اشرفی نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے وہ اقدام کررہی ہے جو ا سے کرنا چاہیے ،مندر واقعے پر مندر کی تزین و مرمت کرانے کے بعد ہندوئوں کے سپرد کردیا گیا ہے، گرفتار ملزمان کوسخت سزائیں دلائی جائیں گی۔ بد ھ کے روز لاہور پریس کلب میں یوم اقلیت کی مناسب سے منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا ہے کہ کسی کو توہین رسالت کے قانون کو غلط استعمال نہیں کرنے دینگے،رحیم یارخان واقعہ کی علما کرام نے شدید مذمت کی ہے ۔ انہوں نے بچے کے خلاف مقدمہ درج کرنے والے افسران کے خلاف بھی ایکشن کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہم سب کی محنت و جدوجہد سے وجود میں آیاہے ، کسی گروہ یا جتھہ کو حق حاصل نہیں کہ وہ اپنی رائے مسلط کرے۔انہوں نے کہا کہ متحدہ علما بورڈ نے واضح طورپر لکھا غیر مسلم پابند نہیں کہ اسلامی تعلیمات کو پڑھیں ۔