قومی پرچم کی بے حرمتی پر آئین میں 3 سال قیدکی سزا مقرر

204

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) قومی پرچم کی حرمت کے حوالے سے قواعد و ضوابط پر مبنی لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ جاری کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے ہفتے کے روز قومی پرچم کی حرمت کے حوالے سے قواعد و ضوابط پر مبنی فیصلہ جاری کرتے ہوئے اہم ہدایات کر دی ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ کے سینئر جج جسٹس علی باقر نجفی کی جانب سے جاری کردہ تحریری فیصلے میں واضح کیا گیا ہے کہ قومی پرچم کی بے حرمتی پر آئین میں 3 سال قیدکی سزا مقرر ہے۔فیصلے میں پرچم کے ڈیزائن اور رنگ کی تقسیم کے حوالے سے واضح کیا گیا ہے کہ پرچم چھاپنے کے دوران اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ قومی پرچم میں گہرا سبز حصہ تین چوتھائی، جب کہ سفید حصہ ایک چوتھائی ہو۔ جسٹس علی باقر نجفی کے مطابق ہمارا قومی پرچم محض کپڑے کا ٹکڑا نہیں ہے۔قومی پرچم مین سبز رنگ خوش حالی، سفید رنگ اقلیتوں کے لیے امن، ہلال ترقی جبکہ پانچ کونوں کا ستارہ روشنی کی عکاسی کرتا ہے۔پرچم کے احترام کے حوالے سے عدالتی فیصلے میں تلقین کی گئی ہے کہ قومی پرچم لہراتے اور اتارتے وقت سب کھڑے ہو کر پرچم کو سلامی دیں۔ لازم ہے کہ قومی پرچم اندھیرے میں لہرایا نہ جائے۔ قومی پرچم زمین پر نہ گرنے دیا جائے یہ پاو¿ں کے نیچے ہرگز نہ آئے۔ پرچم لہراتے وقت خیال رکھا جائے کہ جہاں پرچم لگایا جا رہا ہے کہ وہ جگہ پاک صاف ہو، وہاں گندگی نہ ہو۔قومی پرچم کو نذر آتش کرنے یا قبر میں دفن کرنے کی بھی سختی سے ممانعت کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ قومی پرچم کی پرنٹنگ کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ پرچم دیگر رنگوں، بدنما پورٹریٹ یا کارٹون کی شکل میں ہرگز نہ چھاپا جائے، جبکہ پرچم کے اوپر کسی بھی قسم کی تحریر سے بھی منع کیا گیا ہے۔