وزیراعظم کشمیریوں کے نام کے ہی سفیرہیں،عمرفاروق

135

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدر چودھری عمرفاروق گجرنے کہا ہے کہ وزیراعظم کا کوئی وعدہ اور اعلان سامنے لانا مشکل ہے جس پر انہوں نے یوٹرن نہ لیا ہو۔ وہ کشمیریوں کے نام کے ہی سفیرہیں۔ مودی کے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کے فاشسٹ اقدام کو 2 سال گزر گئے، مگر اسلام آباد کے ایوانوں میں خاموشی چھائی ہے۔ مقبوضہ وادی میں لاکھوں انسان 73 برس سے بھارت کے ظلم و استبداد کا شکار ہیں، مگر عالمی اداروں، مغربی طاقتوں نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں 5اگست 2019ء کے اقدام کے بعد ایک مسلسل لاک ڈائون کی سی کیفیت ہے۔ مقبوضہ وادی کے لوگوں پر عرصہ حیات تنگ کر دیا گیا ہے۔ ہزاروں نوجوان جیلوں میں ہیں، کشمیر میں ہندو آبادکاری جاری ہے،مگر انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں کے باوجود مغربی دنیا اور عالمی ادارے شرمناک حد تک خاموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حکمرانوںکو بار بار توجہ دلانے کے باوجود کشمیر کے کیس کو ہائی لائٹ کرنے کے لیے کوئی پائیدار پالیسی تشکیل نہیں دی۔ صرف الفاظ کی بمباری جاری ہے اور دعوئوں کے پہاڑ بنائے جا رہے ہیں۔مزیدبراں انہوں نے کہاکہ ملکی معیشت ڈانواں ڈول ہے۔ تاجر پریشان ہیں اور ٹیکسوں کی زد میں ہیں۔ ان پریشانیوں اور مصیبتوں سے جان چھڑانے کا واحد حل اسلامی نظام کا نفاذ ہے۔ انہوںنے کہاکہ ملک کے تاجر، کسان، مزدور، طالب علم اور دیگر طبقہ فکر کے لوگ متحد ہو کر جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ ہمارے پاس تعلیم، صحت، معیشت سمیت تمام شعبوں کو بہتر کرنے کا واضح پروگرام اور اہل ترین لوگ موجود ہیں۔ قوم پاکستان میں تبدیلی لانے کی خواہش مند ہے تو پرانے مستریوں سے جان چھڑانا ہوگی اور صالح اور دیانتدار لوگوں کو موقع دیناہوگا۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی یوتھ ضلع بھر میں یونین کونسل کی سطح پر نوجوانوں کو منظم کر ے گی اور خواتین کی الگ تنظیمیں قائم کی جائیں گی۔اور جے آئی یوتھ کے ایک ہزار یونٹ تشکیل دے گی۔ انہوں نے کہاکہ انہیں یقین ہے کہ جماعت اسلامی نوجوانوں کو منظم کرنے کے بعد پاکستان میں اسلامی نظام کے نفاذ میں کامیاب ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو کسی جاگیردار یا سرمایہ دار کے آگے جھکنے کی ضرورت نہیں۔ عشق رسول ؐ سے اپنے دلوں کو منور کریں اور ظلم و ناانصافی کے خلاف ڈٹ جائیں۔