سندھ حکومت نے مرتضیٰ وہاب کو ایڈمنسٹریٹر کراچی تعینات کردیا،سیاسی جماعتوں کے شدید تحفظات ،عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان

361
کراچی: ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب پریس کانفرنس کررہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری کی ہدایت پرسندھ حکومت نے مرتضیٰ وہاب کو ایڈمنسٹریٹرکراچی تعینات کردیا۔ محکمہ بلدیات نے ان کی تعیناتی کو نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔ مرتضیٰ وہاب ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی کے ساتھ وزیر اعلیٰ اور ترجمان سندھ حکومت کے مشیر کے فرائض بھی انجام دیتے رہیں گئے۔ وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر قانون،ماحولیاتی تبدیلی، کوسٹل ڈیولپمنٹ مرتضیٰ وہاب کی تعیناتی پر سیاسی جماعتوں اور سماجی حلقوں نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ہائیکورٹ سے رجوع کرنے سمیت سندھ اسمبلی میں بھی احتجاج کا اعلان کیا ہے ۔دوسری جانب کے ایم سی افسران مرتضیٰ وہاب کی تعیناتی پر دوحصوں میں تقسیم ہوگئے ہیں۔ ایک گروپ مرتضیٰ وہاب کی تعیناتی کو کے ایم سی کے لیے خوش آئند جبکہ دوسرا گروپ مرتضیٰ وہاب کی ایڈمنسٹریٹر تعیناتی کو پیپلزپارٹی کی بلدیاتی وسائل پر قبضے کی سازش قرار دے رہا ہے۔ یاد رہے کہ منتخب بلدیاتی نمائندو کی مدت ختم ہونے سے قبل پیپلزپارٹی اور صوبے کی سیاسی جماعتوں کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا تھا معاہدے کے تحت پیپلزپارٹی صوبے بھر میں سرکاری افسران کو ہی بلدیاتی اداروں میں ایڈ منسٹریٹر تعینات کرے گی کسی سیاسی شخصیت کو کسی بھی شہر کا ایڈمنسٹریٹر تعینات نہیں کیا جائے گا تاہم ایک سال بعد ہی پیپلزپارٹی نے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے اہم رہنما کو ایڈ منسٹریٹر کراچی تعینات کرکے معاہدے کی دھجیاں اڑا دی ہیں۔ادھر سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے مرتضیٰ وہاب کی تعیناتی کو مسترد کرتے ہوئے اسے کراچی دشمنی قرار دیا ہے، انہوںنے اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت، وفاق اور دیگر اسٹیک ہولڈر کے درمیان غیرسیاسی ایڈمنسٹریٹر لانے کا معاملہ طے ہوا تھا، معاہدے کو توڑ کر پی پی نے واضع پیغام دیا ہے کہ انہیں کراچی کی ترقی سے کوئی سروکار نہیں، مرتضیٰ وہاب کو اربوں روپے کے فنڈ پر کھیلنے کے لیے کھلونا دے دیا گیا ہے، سن کوٹا پر آئے شخص کو کراچی کا ایڈمنسٹریٹر لگانا سمجھ سے باہر ہے، مرتضیٰ وہاب کی تعیناتی دودھ کی رکھوالی پر بلی کے مترادف ہے، مرتضیٰ وہاب کو کراچی کے عوام مسترد کرچکے ہیں، کراچی کی ترقی کی کنجی ایک مستردشخص کے ہاتھ میں دی جارہی ہے، مرتضیٰ وہاب کوسٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی، قانون، ماحولیات کے بھی ناکام مشیر ثابت ہوئے ہیں، تحریک انصاف پیپلزپارٹی کو کراچی تباہ کرنے نہیں دے گی، مرتضیٰ وہاب کی تعیناتی کا فیصلہ پی پی کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔ علاوہ ازیں ایم کیو ایم پاکستان کے ترجمان نے مرتضیٰ وہاب کی تعیناتی کو مسترد کرتے ہوئے اسے بلدیاتی انتخابات سے قبل سیاسی ایڈمنسٹریٹر کا تقرر انتخابات پر اثرانداز ہونے کی کوشش قرار دیاہے، ترجمان نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے معاملات سیاسی ایڈمنسٹریٹر کے ذریعے چلانا مطلق العنانیت کی بدترین مثال ہے، میئر کراچی کی نشست حاصل کرنا پیپلزپارٹی کا خواب ہے جو خواب رہے گا، کراچی میں ہونے والے گزشتہ تمام انتخابات میں کراچی نے پیپلز پارٹی کومسترد کیا ہے، سیاسی ایڈمنسٹریٹر کے ذریعے پیپلز پارٹی اپنے جعلی اقتدار کو دوام بخشنا چاہتی ہے، الیکشن کمیشن سیاسی تقرر کا نوٹس لے یہ عمل انتخابی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے، سیاسی ایڈمنسٹریٹر کی موجودگی انتخابی عمل کی شفافیت پر سوالیہ نشان ہے۔