معاشی خوشحالی کیلیے صنعتکار و تاجر کو سہولیات دی جائیں، عبدالرزاق داؤد

85

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) وفاقی وزیر تجا رت عبدالرزاق دائود نے کہا ہے کہپاکستان اور بلوچستان کی معاشی خوشحالی کیلیے ضروری ہے کہ صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کو سہولیات کی فراہمی کیلیے اقدامات کیے جائیں۔ گزشتہ روز اسلام آ با د میں ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ کے سینئر نائب صدر حاجی عبداللہ اچکزئی، نائب صدر حا جی اختر کاکڑ، سردار رحیم خلجی سے ملاقات کے موقع پر انہوں نے با دینی بزنس گیٹ کو جلد کھولنے، ایکسپو سینٹر کے قیام اور بوستان اکنامک زون کی جلد بحالی کیلیے اقدامات کی یقین دہا نی کرائی۔ چیمبر آ ف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ کے وفد نے عبدالرزاق دائود کو بتایا کہ بلوچستان میں لوگوں کی بہت بڑی تعداد کا روزگار بلواسطہ یا بلا واسطہ بارڈر ٹریڈ سے منسلک ہے تاہم ہمسائیہ مما لک کے ساتھ بارڈرز کی بندش سے لوگوں کو مشکلا ت کا سامنا ہے، انہوں نے بلوچستان کی صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کو درپیش مشکلات کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ انہیں امید ہے کہ وفاقی وزیر تجارت اس سلسلے میں متعلقہ حکام کو احکاما ت جاری کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ایکسپو سینٹر کے قیام اور بوستان اکنا مک زون کی جلد بحالی کے لیے اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہے وفد کے شرکا نے شکایت کی کہ ہر سال سیب کے سیزن میں ایران سے سیب درآمد کی اجازت دی جاتی ہے جس کی وجہ سے مقامی زمینداروں کو نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس بابت بھی توجہ دی جائے۔ وفاقی وزیر تجارت عبدالرزاق دائود نے تمام معاملات کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ایران سے سیب کی برآمد کے معاملے کو بھی دیکھا جائے گا اور جو بھی اقدام زمینداروں کے حق میں بہتر ہو گا وہ اٹھائیں گے۔