سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد کیخلاف سخت کارروائی ہوگی‘ گورنر پنجاب

167

لاہور (صباح نیوز) گورنر پنجاب چودھری محمدسرور نے کہا ہے کہ افغان امن کے لیے پاکستان جوکر سکتا ہے کر رہا ہے اور کر ے گا مگر افغان حکومت کو بھی امن کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کر نا ہوں گی پہلے بھی پاکستان کی کوششوں سے ہی افغانستان میں امن عمل آگے بڑھا۔22کروڑ پاکستانی کشمیریوں کے ساتھ ہیں 5اگست کو یوم استحصال منایا جائے گا۔بھارت کا کشمیر میں 729روز سے جاری لاک ڈاون انسانی حقوق کا قتل عام ہے ۔وہ گور نر ہائوس لاہور میں صوبائی وزیر مذہبی امورسید سعید الحسن شاہ سمیت پارٹی کے دیگروفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے جبکہ گور نر پنجاب نے صوبائی وزیرقانون راجہ محمد بشارت سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات میں ان کی ساس کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔پارٹی وفود سے گفتگو کے دوران گور نرپنجاب چودھری محمدسرور نے کہا کہ پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور فرقہ وارانہ واریت کے خاتمے کے لیے جتنا کام ہورہا ہے اس کی کوئی اور مثال نہیں ملتی۔ اُنہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں سوشل میڈیا پر نفرتیں پھیلانے والے مواد کو روکنے کے لیے بھی قانون حر کت میں آئے گا اور ایسے عناصر کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے گا ۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازشیں کر نیوالے عناصر کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی کے لیے تمام مکتبہ فکر کے علما ء اکرام کو ملکر کام کرنا ہوگا۔