آزاد کشمیر کا وزیراعظم کون ہوگا،انٹر ویو ز مکمل ۔حتمی اعلان نہ ہوسکا

140

اسلام آباد/باغ (خبر ایجنسیاں) وزیراعظم نے آزاد کشمیر کی وزارت عظمیٰ کے لیے امیدواروں کے انٹرویوز مکمل کرلیے۔کشمیر کی وزارت عظمیٰ کا تاج کس کے سر سجے گا ، آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے لیے عمران خان نے مشاورتی عمل شروع کردیا۔ عمران خان نے آزاد کشمیر کے 4 نومنتخب ارکان اسمبلی کو بلایا۔ پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چودھری، سینئر رہنما خواجہ فاروق، تنویر الیاس اور اظہر صادق نے اسلام آباد میں عمران خان سے الگ الگ ملاقات کی۔وزیراعظم نے ہر امیدوار سے 15-15منٹ کی ملاقات کی اور مختلف سوالات کیے۔ ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں علی امین گنڈاپور سمیت وفاقی وزرا اور پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما بھی شریک ہوئے۔ وزیراعظم سے ملاقات کے بعدتحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ کوئی نمبر گیمز نہیں، سب متحد ہیں، فیصلوں کا اختیار وزیراعظم عمران خان کو دیا ہے۔دوسری جانب آزاد کشمیر الیکشن میں تحریک انصاف نے ایل اے 16 باغ کی نشست بھی جیت لی۔ حلقے میں 4پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ میں پی ٹی آئی کے امیدوار سردار میر اکبر نے 665 ووٹوں کے ساتھ میدان مارلیا جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار قمر زماں خان 538 ووٹوں کے ساتھ دورے نمبر پر رہے۔