وزیراعظم نے خواتین کے لباس سے متعلق بیان پر یوٹرن لے لیا

173

اسلام آباد( خبرایجنسیاں) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ خواتین کا لباس نہیں ، زیادتی کرنے والا ہی اپنے جرم کا ذمے دار ہوتا ہے۔ امریکی نیوز چینل ”پی بی ایس“ کے پروگرام نیوز آور کو انٹرویو میںان کا کہنا تھاکہ جنسی زیادتی کے واقعات میں متاثرہ خاتون
کو قطعی طور پر ذمے دار نہیں ٹھہرایا جا سکتا،خواتین جیسا بھی لباس پہنیں جنسی زیادتی کرنے والا ہی اپنے فعل کا ذمے دار ہے۔ عمران خان نے کہا کہ میری بات کو سیاق وسباق سے ہٹ کر لیا گیا، میں نے کبھی ایسی احمقانہ بات نہیں کی البتہ میں تو پاکستانی معاشرے میں جنسی جرائم میں اضافے پر بات کر رہا تھا،میں نے لفظ ’پردہ‘ استعمال کیا تھا اور اسلام میں پردے کا مطلب محض کپڑے نہیں ہیں اور یہ صرف عورتوں کے لیے مخصوص نہیں بلکہ پردے کا لحاظ کرنا مردوں کے لیے بھی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اسلام عورتوں کے احترام کا درس دیتا ہے اور میں نے پوری دنیا دیکھنے کے بعد جانا کہ اسلامی ممالک میں خواتین کو سب سے زیادہ احترام دیا جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ مغربی ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں جنسی زیادتی کی تعداد کم ہے۔