ٹی ٹوئنٹی میں گیند کی رفتار میں تبدیلی اہم ہوتی ہے،شاہین آفریدی

188

کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ ببلر شاہین شاہ آفریدی کا ماننا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بولنگ کے دوران ضروری ہے کہ گیند کی رفتار میں متواتر تبدیلی کی جائے گی۔ وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل نیٹ سیشنز پر اپنی بولنگ میں ویری ایشنز پر خصوصی کام کررہے ہیں۔وہ اب تک 28 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں 31 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔وہ اس فارمیٹ میں19.6 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ بولنگ کررہے ہیں۔ اس دوران ان کی بہترین بولنگ 20 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کرنا ہے۔گوکہ شاہین شاہ آفریدی نے اپنا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل ڈیبیو بھی ویسٹ انڈیز کے خلاف کیا تھا تاہم وہ ان کا ویسٹ انڈیزکرکٹ ٹیم کے خلاف واحد ٹی ٹوئنٹی میچ تھا۔ یہ ان کا پہلا دورہ کیریبئن ہے، جہاں وہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔نوجوان فاسٹ بولر کا کہناہے کہ ٹی ٹوئنٹی، تیز رفتار طرز کی کرکٹ ہے، جہاں بہتر بولنگ کے لیے جلد اور فوری فیصلے کرنے ہوتے ہیں۔ اس طرز کی کرکٹ میں سلور ونز کی بہت اہمیت ہوتی ہے۔شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ وہ پچ اور کنڈیشنز کو دیکھ کر سلور ون پھینکنے کا فیصلہ کرتے ہیں۔ لازمی نہیں کہ ایک اوور میں صرف ایک سلور ون ہی پھینکا جائے بلکہ وہ حریف بلے باز کے مضبوط اور کمزور پہلوؤں کو دیکھ کر دو سے تین سلور ون کروانے کا بھی فیصلہ کرتے ہیں۔فاسٹ بولر کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں برق رفتار بیٹنگ کرنے والے ہارڈ ہٹرز پر مشتمل ہے۔