سندھ میں کئی اتحاد بنے مگر عوام ہمارے ساتھ ہے، مراد علی شاہ

91

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے واہڑ ضلع جامشورو میں اپنی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی مخالفت میں کئی اتحاد آئے، کئی گئے لیکن سندھ کے عوام پیپلز پارٹی کے ساتھ تھے، ہیں اور رہیں گے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ اللہ تعالی نے ہمیشہ پیپلز پارٹی کا ساتھ دیا ہے اور انشااللہ آئندہ بھی اللہ پاک کی مدد سے ہمیں کامیابی نصیب ہوگی۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ مرتضی وہاب کی بطور ایڈمنسٹریٹر کراچی مقرر کرنا حکومت سندھ کا اختیار ہے جس پر گورنر سندھ سمیت پی ٹی آئی کو اعتراض کا حق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں اگر اعتراض کروں کہ صوبہ کے پی کے میں کوئی وزیر کیوں ہے تو یہ میرا حق نہیں ہے، پیپلز پارٹی یقین رکھتی ہے کہ جس کا جو اختیار ہے وہ استعمال کرے، وزیر اعلی نے کہا کہ باقی سیاسی جماعتوں کو بھی سمجھ آئے گی کہ وہ اپنا آئینی اور قانونی حق سمجھتے ہوئے اپنا اعتراض کریں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں پتہ عمران خان سندھ میں کس کے ساتھ اتحاد کرتے ہیں۔ انہوں نے وفاقی حکومت کو ملک میں دہشتگردی اور کرائم پر کنٹرول کرنے کیلیے اقدامات اٹھانے کا بھی مشورہ دیا۔ وزیر اعظم کے سندھ آنے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ اچھی بات ہے کہ وزیراعظم سندھ آئیں کیوں کہ وزیراعظم سندھ میں آج تک ایک رات بھی نہیں ٹھیرے۔ وزیر اعلی سید مراد علیشاھ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کشمیر انتخابات میں عوام پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں گے کشمیر کے عوام دیکھیں گے کہ کشمیر کے ساتھ سچا کون ہے۔ اور کشمیر کے عوام بلاول پر اعتماد کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کو کامیاب کریں گے۔ قبل ازیں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاھ نے اپنے آبائی گاؤں واہڑ میں نماز عید الاضحی ادا کی اور نماز کے بعد علاقے کے لوگوں سے عید بھی ملے بڑی تعداد میں مقامی افراد نے وزیر اعلی سندھ کو عید کی مبارکباد دی۔