اشیائے ضروریہ مہنگی کرنا حکومتی بے حسی کی انتہا ہے‘ جاوید قصوری

174

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب سے آٹے کا تھیلا 150، گھی90اور چینی 17روپے فی کلو مہنگا کرنے کی منظوری بے حسی کی انتہا ہے۔ عید قرباں کے آتے ہی ٹماٹر، پیاز، آلو ، لہسن ، خشک دودھ اور مصالحہ جات عوام کی پہنچ سے باہر ہوچکے ہیں۔ ایک ہفتے کے دوران 23اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھی ہیں۔ ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف پروگراموں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاہے کہ بجٹ کے بعد سے اب تک تین مرتبہ پٹرول کی قیمتیں بڑھائی گئیں۔ قیمتوںمیں جس انداز میںحالیہ دنوں میں پٹرولیم مصنوعات کے نرخوںمیں ہو شر با اضافہ کیا گیا وہ قابل مذمت ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ حکمرانوں نے عوام کو ریلیف نہ دینے کی قسم اٹھا رکھی ہے۔ عوام اب ان حکمرانوں سے نجات چاہتے ہیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ عوام کو درپیش مسائل دن بدن بڑھتے چلے جارہے ہیں۔ جماعت اسلامی مہنگائی، بے روزگاری ، لاقانونیت اور عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف تحریک چلارہی ہے۔ ہم اس جدوجہد کو عوامی مسائل کے حل تک جاری رکھیں گے۔