ہمدرد ٹائیگرز نے حکیم محمد سعید (شہید پاکستان)کرکٹ ٹورنامنٹ جیت لیا

224

کراچی(سید وزیر علی قادری) ہمدرد پاکستان کے زیراہتمام 2 روزہ حکیم محمد سعید (شہید پاکستان) انٹر ڈپارٹمنٹل کرکٹ ٹورنامنٹ یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں منعقد ہوا جس میںہمدرد پاکستان کے8 ڈپارٹمنٹس کے ساتھ ہمدرد فائونڈیشن پاکستان اور ہمدرد یونی ورسٹی کی ٹیموں نے حصہ لیا۔فائنل میں مارکیٹنگ ڈویڑن کی ٹیم ٹائیگرز کا سامنا ہمدرد فائونڈیشن کی ٹیم جیگوارز سے ہوا جس میں ٹائیگرز نے شاندارکھیل پیش کر تے ہوئے جیگوارز ٹیم کو ہرا کر ٹرافی اپنے نام کر لی۔پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ٹائیگرز نے مقرر ہ6 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 103 رنزبنائے۔ اسسٹنٹ منیجر محمد ذیشان نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 10 چھکوں کی مدد سے75رنز اسکور کیے۔جواب میں جیگوار کی ٹیم مقررہ6 اوورز میں 82رنزبنا سکی۔ ٹورنامنٹ کی مہمان خصوصی ہمدردپاکستان کی چیف متولیہ محترمہ سعدیہ راشد تھیں جنہوں نے فاتح ٹیم کے کپتان سید فیض اللہ جواد کو ٹرافی دی۔محمد ذیشان ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی، بہترین بلے باز اور فائنل کے مین آف دی میچ قرار پائے۔ فنانس کی ٹیم لائنز کے بلیغ الدین احمد ٹورنامنٹ کے بہترین بولر قرار دئیے گئے۔ اْنہوں نے ٹورنامنٹ میں8 وکٹیں حاصل کیں۔ اس موقع پرہمدرد پاکستان کی منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹوآفیسر فاطمہ منیر احمد، ہمدرد فائونڈیشن کے ڈائریکٹر جنرل فرخ امدا د اور ہمدرد یونی ورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شبیب الحسن بھی موجود تھے۔