لاڑکانہ، مختلف ٹریفک حادثات میں تین افراد جاں بحق

99

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) مختلف ٹریفک حادثات میں تین افراد جاں بحق، ایک خاتون زخمی، لاشیں گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔ لاڑکانہ کے قریب کیڈٹ کالج روڈ پر باراتیوں کی ویگن پر چڑھ کر ڈانس کرنے کے دوران ویگن سے گر کر تحصیل ڈوکری کے گاؤں فتح محمد اعوان کا رہائشی 15 سالہ نوجوان محسن اعوان شدید زخمی ہوا، جسے ورثاء کی جانب سے تشویشناک حالت میں چانڈکا اسپتال منتقل کیا، جہاں دوران علاج نوجوان دم توڑگیا جبکہ ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی گئی، باقرانی کے قریب تیز رفتار ٹرک کی ٹکر سے شہر کے نذر محلے کا رہائشی 22 سالہ نوجوان شعیب جوکھیو گر کر شدید زخمی ہوا، جسے علاقہ مکینوں نے تشویشناک حالت میں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا، جہاں دوران علاج نوجوان دم توڑ گیا۔ لاڑکانہ کے قریب خیرپور پل روڈ پر تیز رفتاری کے باعث گاؤں قلب علی جتوئی کا رہائشی امان اللہ جتوئی اور ان کے رشتہ دار دھیانی جتوئی شدید زخمی ہوئے جنہیں آسپاس کے لوگوں نے چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا، جہاں دوران علاج امان اللہ جتوئی دم توڑگئے، دوسری جانب لاشیں ورثاء گھر لے گئے۔