حیدرآباد،تعلیمی ،فیسوں میں اضافے کیخلاف طلبہ کا احتجاج

98

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) سندھ شاگرد تحریک اور سندھی گرلز اسٹوڈنٹس تحریک کی جانب سے تعلیمی فیسوں میں اضافے کیخلاف گل سینٹر سے حیدرآباد پریس کلب تک ریلی نکالی گئی اور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر پردیپ گلاب، کائنات ڈاہری، عاطف ملاح، وحید چانڈیو، علی محمد وکو، جنت، ثمرین، علی رضا ودیگر نے کہاکہ سندھ حکومت نے تعلیمی اداروں کو تباہ کرنے کی منصوبہ بندی کرلی ہے تعلیمی اداروں میں بدانتظامی، کرپشن عروج پر ہے۔ حالیہ سندھ یونیورسٹی انتظامیہ نے تعلیمی فیس میں سو فیصد اضافہ کرکے بعد ان اس میں پچاس فیصد کمی کا ڈرامہ رچایا ہے۔ انہوںنے کہاکہ سندھ یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے فیسوں میں اضافے سے غریب محنت طبقہ سخت پریشان ہے غریب کے بچے کے لیے تعلیم کے دروازے بند کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد محکمہ تعیلم صوبائی حکومت کی ذمے داری ہے، اس لیے سندھ حکومت کو قدم اٹھانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیز کے حوالے سے پی پی کے صوبائی صدر نثار کھوڑو کا احتجاج کرنے والے طلبہ کے ساتھ سلوک انتہائی افسوسناک ہے، نثار کھوڑو کو طلبہ سے معافی مانگی چاہیے۔