اداروں کےخلاف پروپیگنڈے پرپاکستان کامختلف ممالک سے رابطہ

140

اسلام آباد (اے پی پی)حکومتی ترجمان نے پاکستان کو بدنام کرنے کے لےے جعلی خبریں پھیلانے والے مخصوص مخالفین یا سوشل میڈیا کارکنوں کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لےے سیاسی ، سفارتی اور قانونی سمیت تمام آپشنز استعمال کےے جائیں گے۔ ایک حکومتی ترجمان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق یہ بات سامنے آئی ہے کہ یورپی و مغربی ممالک میں موجودکچھ سوشل میڈیا کارکنان اور ناپسندیدہ عناصر اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل کے لےے جعلی خبریں پھیلا کر پاکستان کے ریاستی اداروں کو بدنام کرنے کے لےے غلط اطلاعات پھیلانے اور اشتعال انگیز بیانات کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ان میں سے کچھ عناصر کے پاکستان مخالف انٹیلی ایجنسیوں خصوصاً بھارتی خفیہ ایجنسی را سے مالی رابطے میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اس کا سختی سے نوٹس لیا ہے ۔ان کی میزبانی کرنے والی حکومتوں کے ساتھ ان کی مذموم سرگرمیاں کا تبادلہ کیا گیا ہے اور ان سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے ممالک کے قوانین کے مطابق ایسے عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لےے پاکستان سے تعاون کریں۔