پی ٹی آئی کی حکومت ناکام ہوچکی ہے‘مرتضیٰ وہاب

155

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت کے ترجمان مشیر قانون ، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی سلیکٹڈ ہی نہیں بلکہ ناکام حکومت ہے، پچھلے 11ماہ میں ریکارڈ 11.9 ارب ڈالر کا قرضہ لے چکی ہے جو ان کی عیاشیوں پر خرچ ہورہا ہے لیکن عوام کو ایک روپے کا بھی ریلیف نہیں دیا گیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مرتضیٰ وہاب نے کہاکہ اب اگلے سال کے لیے 26.3 ارب مزید قرضہ لینے والے ہیں، یہ گندم امپورٹ کرناچاہتے ہیں،ان کا ٹارگیٹ عوام نہیں اے ٹی ایمزہیں۔ ایک مہینے میں کرنٹ اکائونٹ خسارہ 632ملین ڈالرہے۔یہ اشرافیہ تبدیلی کے نام پراقتدارمیں آئی تھی، انہوں نے تباہی مچادی ہے۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے پیشکش کی ہے کہ وفاقی حکومت ہمارے لیے ویکسین خریدے ہم پیسے دیں گے مگر یہ ٹال مٹول کررہے ہیں۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ماضی میں حلیم عادل شیخ کے خلاف جب اینٹی کرپشن نے انکوائری کی توکہاکہ سندھ حکومت کی کسی انکوائری میں پیش نہیں ہوں گا، نیب نے حلیم عادل کی ملیرمیں زمین پرقبضے کے خلاف انکوائری کافیصلہ کیاہے، نیب کہہ رہا ہے کہ ان کی زمین کی ملکیت غیرقانونی ہے اور مشکوک ہے، تیمورٹالپورجس زمین کاذکرکرتاتھا نیب دستاویزات میں بھی خاتون کی زمین کاذکر ہے۔