شوہر نے اپنی نئی دلہن اور ساس کو گولیاں مار کر موت کی نیند سلا دیا

283

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر میں فائرنگ اور دوسرے حادثات واقعات میں6 افراد جاں بحق اور4 زخمی ہوگئے,قائدآباد میں برف خانے سے ایک 16سالہ لڑکی کی بوری بند لاش برآمد ہوئی،جاں بحق ہونے والوں میں شوہر کے ہاتھوں قتل ہونے والی خاتون، اس کی ماں اور ایک درگاہ کا متولی بھی شامل ہیں۔،تفصیلات کے مطابق شیر پائو کالونی بچت بازار کے قریب کچی آبادی کی رہائشی کوثر زوجہ ریاض احمد اور اس کی 25 سالہ بیٹی رمشا صبا کو ملزم اسحاق نے گھر میں گھس کر فائرنگ کرکے موت کی نیند سلادیا ۔ ملزم موقع سے فرار ہوگیا ۔ایس ایچ او قائد آباد غوث بخش مہر کے مطابق جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پسٹل کے 2 خول ملے ہیں جنہیں قبضے میں لے لیا ، قانونی کارروائی کے بعد مقتولین ماں بیٹی کی لاشیں جناح اسپتال پہنچائی جہاں پوسٹ مارٹم کرانے کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کردی گئیں ، ملزم اسحاق مقتولہ رمشا صبا کا شوہر ہے جس کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں ۔مقتولہ شوہر سے روٹھ کر میکے آئی ہوئی تھی ۔ ڈی ایس پی قائد آباد محمد نواز کے مطابق 40 دن قبل مقتولہ رمشا صبا نے ملزم اسحاق سے کورٹ میرج کی تھی جس پر مقتولہ کی ماں کوثر ریاض نے اپنی بیٹی کے اغوا کا مقدمہ ملزم اسحاق کے خلاف درج کرایا تھا ۔ مقدمہ درج ہونے کے بعد مقتولہ رمشا صبا نے پولیس کو بیان ریکارڈ کرایا تھا کہ اس کو اغوا نہیں کیا گیا بلکہ اس نے محبت کی شادی کی ہے ۔پولیس نے مقتولہ کا بیان لینے کے بعد مقدمہ سی کلاس کردیا تھا ، شادی کے کچھ دن بعد مقتولہ رمشا اپنے شوہر سے روٹھ کرمیکے آگئی تھی جس پر ملزم نے ماں بیٹی کو گھر میں گھس کر قتل کردیا ۔ کورنگی چشمہ گوٹھ پہاڑی والے مزار کچی آبادی کے قریب فائرنگ سے78 سالہ غلام یاسین ولد حاجی مٹھو محمد جاں بحق ہوگیا ایس ایچ او ابراہیم حیدری سید محمد علی شاہ کے مطابق مقتول دم درود کرتا تھا اور پیری مریدی کاسلسلہ بھی تھا نامعلوم ملزمان نے سر اور دل کے قریب دو گولیاں مار کر ہلاک کیا ہے پولیس کو جائے وقوعہ سے گولی کے دو خول ملے ہیں مقتول کا تعلق پنجاب سے ہے فیملی بھی پنجاب میں ہے قتل کی واردات سے معلوم ہوتا ہے کہ قتل ذاتی دشمنی کی بناپر کیا گیا ہے پولیس نے نعش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کردی ۔گارڈن شومارکیٹ عظیم پلازہ کے قریب عرب شاہ درگاہ کے باہر فائرنگ کرکے درگاہ کے مجاور65سالہ عبدالستار کو ہلاک کردیا مقتول درگاہ پر رہتا تھا درگاہ آنیوالے زائرین کی خدمت کرتا تھا پولیس نے نعش کو سول ہسپتال منتقل کیا ۔ سرجانی سیکٹر 4D مراقبہ ہال کے قریب گھر میں زہرخورانی سے40 سالہ ریحان ولد چوہدری اسلم ہلاک ہوگیا۔۔ کشمیر محلہ میں برف بنانے کی بند فیکٹری سے بوری بند 16 سے 17 سالہ لڑکی کی لاش ملی۔ پاکستان بازارتھانے کی حدود میں واقع اورنگی ٹاون سیکٹرساڑھے گیارہ اقبال بلوچ کالونی میں فائرنگ سے4 افراد زخمی ہوگئے ۔