گورنر سندھ سے سعودی سفیر کی ملاقات ‘باہمی امور پرتبادلہ خیال

161

کراچی(صباح نیوز) گورنر سندھ عمران اسماعیل سے پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے ہفتے کو گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت باہمی تجارت، سرمایہ کاری، ماحولیات اور توانائی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ پاک سعودیہ دو طرفہ تعلقات کئی دہائیوں پر مشتمل ہیںجو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید مستحکم و مضبوط ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک مذہب اور بھائی چارے کے مضبوط بندھن میں بندھے ہوئے ہیں، سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ اور تعاون جاری رکھا، پوری پاکستانی قوم سعودی عرب کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی سرمایہ کار پاکستان کے مختلف شعبوں میں کام کررہے ہیں اس سعودی سرمایہ کاری سے روزگار ، غربت میں کمی اور معاشی خوشحالی میں مدد ملی ہے۔سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے کہا کہ سعودی عرب خطہ میں پاکستان کو مضبوط ملک دیکھنا چاہتا ہے اس ضمن میں سعودی عرب اپنا ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔