کریڈٹ کارڈ فراڈ میں ملوث نجی بینک کے 3 ملازم گرفتار

73

کراچی (اسٹاف رپورٹر )فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے)نے کریڈٹ کارڈ فراڈ میں ملوث بینک ملازمین ودیگر پرمشتمل گروہ کو بے نقاب کردیا، اب تک 60سے زائد متاثرہ شہری سامنے آ چکے ہیں۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل نے کارروائی کی اور نجی بینک کے3ملازمین کو گرفتار کرلیا، ملزمان کریڈٹ کارڈفراڈ کے ذریعے شہریوں سے رقم بٹورتے تھے۔ایف آئی اے حکام کے مطابق اب تک 60 سے زائد متاثرہ شہری سامنے آ چکے ہیں، گرفتار ملزمان کا گروہ انتہائی ہوشیاری سے جعلسازی کیاکرتا تھا، فراڈ میں نجی بینک ملازمین سمیت گروہ میں کوریئرکمپنی کا ڈلیوری بوائے اور ایجنٹ بھی شامل ہے۔حکام کے مطابق گروہ 2 سال سے فراڈ کی وارداتیں کررہاتھا، گروہ کے کارندے کریڈٹ کارڈ شہریوں کے قومی شناختی کارڈ پر بنواتے جبکہ نجی بینک ملازم جعلی دستخط کرتا اور خفیہ معلومات شیئر کرتا تھا۔ گروہ میں نجی بینک کے کریڈٹ کارڈ ڈپارٹمنٹ کا سیلز سیکشن کا افسربھی شامل تھا ، اب تک ایک کروڑروپے سے زائد رقم نکالی جاچکی ہے، نجی بینک افسرکی ذمے داری جعلی دستاویزات کی تصدیق کرنا ہوتی تھی، کوریئرکمپنی کا ملازم شناختی کارڈ کی تصدیق اور دستاویزات حاصل کرتاتھا۔