آٹے کے بحران کا خدشہ،فلورملز ایسوسی ایشن کا ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان

177

کراچی(اسٹاف رپورٹر/مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے ٹرن اوور ٹیکس اور چوکر پرسیلز ٹیکس عاید کرنے کے خلاف 23 جون کو آٹے کی سپلائی بند اور 30 جون سے ملک بھر کی فلور ملوں کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ میڈیاکے مطابق پاکستان فلورملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین چودھری محمد یوسف نے پریس کانفرنس میں ٹیکس عاید کیے جانے پر احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ 23 جون سے آٹے کی سپلائی بند کردیں گے جب کہ 24 جون سے 2روزہ ٹوکن ہڑتال کی جائے گی۔چیئرمین چودھری محمد یوسف نے حکومت پر واضح کیا ہے کہ اگر ٹوکن ہڑتال کے باوجود مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ملک بھر کی فلورملیں 30 جون سے غیرمعینہ مدت کے لیے ہڑتال پر چلی جائیں گی‘ حکومت کی مسائل حل کرنے میں عدم دلچسپی کے باعث ہڑتال کے لیے مجبور ہوئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں کبھی بھی چوکر پر سیلز ٹیکس عاید نہیں کیا گیا لیکن رواں بجٹ میں چوکر پر 17 فیصد سیلز ٹیکس عاید ہونے سے آٹے کی قیمت میں 5 روپے فی کلو اضافہ ہوجائے گا۔انہوں نے بتایا کہ فلور ملوں پر ٹرن اوور ٹیکس کی شرح بھی 0.2 سے بڑھا کر 1.25 فیصد کردی گئی‘ ان ٹیکسوں سے عام آدمی کی جیب پر بوجھ بڑھ جائے گا‘ اس لیے یہ ٹیکس فی الفور واپس لیے جائیں۔ انہوں نے بتایا کہ مقامی ضروریات پوری کرنے کے لیے اگست میں فوری طور پر 30 سے 40 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنا ضروری ہے کیونکہ ملک میں آٹے کی سالانہ کھپت 30 ملین ٹن تک پہنچ گئی ہے۔