یورپین فٹبال چمپئن شپ، بلجیم نے ڈنمارک کو ہرادیا

301

ایمسٹر ڈیم(جسارت نیوز)یورپیئن فٹ بال چمپئن شپ میں ہالینڈ نے آسٹریا،یوکرین نے مقدونیا اور بلجیم نے ڈنمارک کو شکست دے دی۔ یوئیفا کے زیر اہتمام یورپیئن چمپئن شپ کے دلچسپ مقابلے جاری ہیں۔ جوہن کروزف ارینا، ایمسٹرڈیم میں کھیلے گئے گروپ سی کے پہلے میچ میں ہالینڈ نے آسٹریا کو2-0گول سے شکست دی۔ ڈیپے نے میچ کے 11ویں منٹ میں ملنے والی پنالٹی کک پر گول کرکے اپنی ٹیم کو ایک گول کی برتری دلادی۔ڈمفریز نے 67ویں منٹ میں ایک گول کر کے برتری کو 2-0 کر دیا جو میچ کے اختتام کر برقرار رہی۔ گروپ سی کے نیشنل ارینا، بخارسٹ میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں یوکرین نے مقدونیا کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرا دیا۔ یوکرین کے یارمولینکو ،یریمچوک نے ایک ایک گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ مقدونیا کی طرف سے واحد گول ایلیوسکی نے 57ویں منٹ میں کیا۔ گروپ بی کے ایک اور میچ میں ڈنمارک اور بلجیم کی ٹیمیں پارکین اسٹیڈیم، کوپن ہیگن میں مدمقابل ہوئیں جس میں سخت مقابلے کے بعد بلجیم نے ڈنمارک کو2-1گول سے ہرا دیا۔ بیلجیئم کے تھورگن ہیزارڈ اور کیون ڈی بائرن نے ایک ایک گول اسکور کیا۔