مون سون: بالائی علاقوں میں معمول سے زیادہ بارش کی پیشگوئی

217

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) محکمہ موسمیات نے 27 جون سے مون سون بارش کی پیش گوئی کر دی۔ ملک کے زیادہ تر حصوں میں مون سون بارش معمول کے مطابق جبکہ بالائی پنجاب، شمالی بلوچستان اور کشمیر میں معمول سے زیادہ ہو سکتی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون بارش کا پہلا سپیل 27 جون سے 30 جون کے دوران متوقع ہے اور یہ سلسلہ جولائی سے ستمبر کے دوران جاری رہے گا۔ ملک کے زیادہ تر حصوں میں مون سون بارش معمول کے مطابق جبکہ بالائی پنجاب، شمالی بلوچستان اور کشمیر میں معمول سے قدرے زیادہ ہو سکتی ہے۔ محکمہ مو سمیات کے مطابق مون سون کے دوران پنجاب، خیبر پختونخوا اور کشمیر کے ندی نالوں میں سیلابی ریلوں کا جبکہ شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال کا بھی خدشہ ہے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ پشاور، سوات، کوہاٹ میں بھی بادل برسنے کا امکان ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی تیز ہواﺅں کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ سندھ اور بلوچستان میں موسم گرم رہے گا۔ سبی میں درجہ حرارت 49 تک جانے کا امکان ہے۔