ماڑی پور : اسٹریٹ کرائم کی سنچری کرنے والے دو ملزم گرفتار

112

کراچی (اسٹاف رپورٹر )ماڑی پور پولیس نے اسٹریٹ کرائم کی سنچری کرنے والے دو ملزم دھرلیے،سکھن پولیس نے ڈکیت کو گرفتار کرلیا جبکہ پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران منشیات فروش،موٹرسائیکل لفٹرز،غیر اخلاقی حرکتوں میں ملوث3خواتین سمیت دیگر جرائم میں ملوث37 ملزمان کو گرفتارکرکے قبضے سے اسلحہ،منشیات، مسروقہ موٹرسائیکلیں،موبائل فونز،گٹکا ،چھالیہ ودیگر سامان برآمد کرنے کادعویٰ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ماڑی پور پولیس نے اسٹریٹ کرائم کی سنچری کرنے والے دو ملزمان زوہیب ولد نعمت اللہ اور تاج محمد ولد علی محمد کو گرفتار کرلیا۔سکھن پولیس نے اسٹریٹ کرائم کی واردات میں ملوث ملزم کوگرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق چند روز قبل سوشل میڈیا میں ملزمان کی ڈیفنس کے علاقے میں لوٹ مار کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی ۔سکھن پولیس نے مہران ہائی وے پورٹ قاسم کے قریب سے ملزم سید وقار شاہ کو گرفتار کرلیا، موچکو پولیس نے دوران چیکنگ حب چوکی بلوچستان کی جانب سے آنے والی ہائی روف سے 10 کٹے وزنی 548 کلو گرام اسمگل شدہ چھالیہ برآمد کرکے ڈرائیور الیاس کو گرفتار کرلیا ،پی آئی بی پولیس نے منشیات فروش کوگرفتار کرکے سات کلو سے زائد چرس برآمدکرلی۔مدینہ کالونی پولیس نے روبی موڑ سعید آبادپر دوران چیکنگ دو موٹرسائیکل سوار ملزمان کو گرفتار کرکے قبضہ سے منشیات برآمد کی۔شاہ لطیف پولیس نے گھر پر قبضے سمیت غیر اخلاقی حرکتوں میں ملوث 3 عورتوں سمیت 6 ملزمان کو گرفتارکرکے ان کے خلاف مقدمات درج کرلیے۔سعید آباد پولیس نے دو منشیات فروش منشا اور باز محمد، موچکو پولیس نے لاکھوں مالیت 548 کلو گرام چھالیہ برآمد کرکے ملزم الیاس ،نیو کراچی انڈسٹریل ایریا پولیس نے گٹکاماوا کے کارخانوں پر چھاپا مار کر 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔