کھیلوں کی سرگرمیوں کے ذریعے کراچی کی رونقیں بحال کر رہے ہیں، اسامہ رضی

125

کراچی(رپورٹ: سید وزیر علی قادری) نوجوان ایک بڑی طاقت اور قوت ہیں۔جماعت اسلامی نوجوانوں کی طاقت کے ذریعے ہی ملک میں تبدیلی لائے گی۔کھیلوں کی سرگرمیوں کے ذریعے کراچی کی رونقیں بحال کر رہے ہیں۔جے آئی یوتھ کراچی کے نوجوانوں کی صلاحتیں تعمیری سرگرمیوں میں استعمال کرے۔کراچی کے نوجوانوں کا استحصال بند کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر ڈاکٹر اسامہ بن رضی نے جے آئی یوتھ ضلع کورنگی کے تحت واحد اسپورٹس کے گرائونڈ کورنگی جے ایریامیں پہلا آل کراچی شہید محمد اسلم مجاہد کرکٹ ٹورنامنٹ کے اختتام پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر امیر ضلع کورنگی عبدالجمیل خان،جے آئی یوتھ ضلع کورنگی کے صدر محمد جنید خان ،شہیدمحمد اسلم مجاہد کے صاحبزادے محمد خرم مجاہد ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ جب کہ سابق یوسی ناظم محمد قاسم خان، عبدالحفیظ، عاشق علی خان،قاری منصور احمد، شعیب ایازودیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر مہمان خصوصی نے ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو موٹر سائیکل کی چابی پیش کی جبکہ رنر ٹیم کے کپتان کو30 ہزار روپے کیش دیا گیا۔ڈاکٹر اسامہ رضی نے کہا کہ کراچی کے نوجوانوں میں بے انتہا ٹیلنٹ موجود ہے۔ کراچی کی 30 سالہ ظالمانہ اور جابرانہ سیاست نے کراچی اور کراچی کے نوجوانوں کا تشخص مسخ کیا۔جس کی وجہ سے کراچی کا نوجوان ہر شعبے میں پیچھے رہ گیا۔امیر جماعت اسلامی ضلع کورنگی عبدالجمیل خان نے کہا کہ واحد اسپورٹس کا گرائونڈ اور اس میں لگی فلڈ لائٹس ان کے ہاتھوں کی تنصیب کردہ ہے۔