جی سیون اجلاس کے موقع پر فلسطینیوں اور کشمیریوں کیلیے یکجہتی مارچ

221

لندن(صباح نیوز)جی سیون سربراہ اجلاس کے موقع پر برطانیہ میں سینکڑوں افراد نے فلسطینیوں اور کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کے لیے مارچ کیا۔ احتجاجی مارچ میں برطانیہ کے مختلف حصوں سے آئے سینکڑوں کارکنوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں نے شرکت کی۔ مارچ کا اہتمام تحریک کشمیر برطانیہ ، فلسطین یکجہتی کولیشن،موسمیاتی تبدیلی گروپوں اور دوسری تنظیموں نے کروم ول میں کیا تھا۔ مظاہرین نے “بھارت واپس جاؤ،کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو روکا جائے کے نعرے لگائے۔ مارچ کرنے والوں نے عالمی عدم مساوات کے خلاف اور فلسطینیوں اور کشمیریوں کی موجودہ صورت حال کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور جھنڈے بھی اٹھائے ہوئے تھے۔ تحریک کشمیر برطانیہ ،کے صدر راجا فہیم کیانی نے مظاہرین سے خطاب کے دوران کہا کہ جب جی 7 کی قیادت برطانیہ میں ملاقات کر رہی ہے تو بھارت نے کشمیر کو ایک حراستی کیمپ میں تبدیل کردیا ہے اور کشمیری عوام کی زندگی کو جہنم بنا دیا ہے۔ اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر طویل ترین حل طلب مسئلہ ہے کشمیری عوام کو حق خودارادیت مانگنے پر بھارتی فوج سزا دے رہی ہے۔ جی 7 ممالک کاروباری مفادات سے نکل کر حق و انساف کا ساتھ دیں، انصاف ، انسانی حقوق اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے کھڑے ہوں۔