کشمیر پریمیئر لیگ ، نوجوانوں کو اپنی صلاحتیں دنیا کو دکھانے کا موقع ملے گا ، عمر ایوب

274
اسلام آباد: کشمیر پریمیئر لیگ کی ڈرافٹنگ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر عمر ایوب اور چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی کا فرنچائزز مالکان کے ساتھ گروپ

اسلام آباد (جسارت نیوز) وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور عمر ایوب نے کہا ہے کہ کشمیر پریمیئر لیگ میں نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں دنیا کو دکھانے کا موقع ملے گا، کشمیر میں کھیلوں کے ساتھ سیاحت کی سرگرمیوں کو بھی فروغ دینا چاہیے،وزیراعظم عمران خان نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو منواتے دیکھنا چاہتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو کشمیر پریمیئر لیگ کی ڈرافٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ آزاد کشمیر میں مکمل آزادی کے ساتھ لوگ سانس لے رہے ہیں،چیلنج کرتا ہوں کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سیاستدان آزادی کے ساتھ کوئی سرگرمی کرے، بھارت میں صلاحیت نہیں کہ مقبوضہ کشمیر میں کوئی لیگ کروا سکے، کشمیر پریمیئر لیگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کا کھیلنا بہترین عمل ہے۔ چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ کشمیر پریمئیر لیگ (کے پی ایل) ایک کامیاب لیگ ثابت ہوگی، یہ شروعات ہو گی۔ہم نے کے پی ایل کو ایک برینڈ بنانا ہے۔شہریار آفریدی نے کہا کہ کشمیر پریمئیر لیگ میں جو چھپا ہوا ٹیلیٹ ہے اس کو سامنے لانے کا موقع ملے گا،کے پی ایل کے انعقاد کیلئے ڈھائی سال سے کوششیں جاری ہے، جب کے پی ایل کا آئیڈیا آیا تو ہم نے یہ نہیں دیکھا کہ کس سیاسی جماعت کی حکومت ہے، ہم نے اس کو سیاسی معاملہ نہیں بنایا۔انہوں نے کہا کہ وسیم اکرم، وقار یونس کو جب دنیا میں کوئی نہیں جانتا تھا انہوں نے اپنی کارکردگیسے منوایا، کے پی ایل سے کشمیر بچوں کو موقع ملے گا،2 بچے ہر میچ میں کھیلیں گے۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ کے پی ایل ایک کامیاب لیگ ثابت کو گی۔