پولیو کا پاکستان سے خاتمہ قومی مقصد اورکوشش ہے،جنرل قمر جاوید باجوہ

446

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملک سے پولیو کے خاتمے کیلئے ہیلتھ ورکرز کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیو کا خاتمہ قومی کاز اور قومی کوشش ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق  آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پولیو اوور سائٹ بورڈ کے سربراہ کرسٹوفر کی ملاقات ہوئی اور ملاقات میں پولیو کے خاتمے کیلیے پاکستان کی کوششوں اور اقدامات پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق  آرمی چیف نے ملک سے پولیو کے خاتمے کیلئے ہیلتھ ورکرز کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا پولیو کا خاتمہ قومی کاز اور قومی کوشش ہے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ کرسٹوفر الیئس نے پولیو کے خاتمے کیلئے پاک فوج کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کورونا کی روک تھام کیلئے پاکستان کے اقدام کو بھی سراہا ہے۔

واضح رہے مسٹر کرسٹوفر پولیو اوورسائٹ بورڈ کے سربراہ اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے گلوبل ڈویلپمنٹ پروگرام کے پریذیڈنٹ ہیں۔

خیال رہے پاکستان پولیو فری ملک بننے کی طرف تیزی سے پیش قدمی کر رہا ہے، کیوں کہ ملک بھر میں سیوریج کے پانی سے پولیو وائرس تیزی سے غائب ہونے لگا ہے۔

دوسری جانب  چاروں صوبوں کی 93 فی صد سیوریج لائنز پولیو وائرس سے پاک نکلی ہیں اور 2 ماہ میں دوسری بار 90 فی صد سے زائد گٹر پولیو وائرس سے پاک نکلے ہیں جبکہ  ملک بھر کے 60 سے زائد مقامات کے گٹر کے پانی کا پولیو ٹیسٹ کیا گیا تھا اور ٹیسٹ کے لیے گٹرز سے سیمپلز گزشتہ ماہ کے آغاز پر لیے گئے تھے۔