کورونا کے باعث قومی نیٹ بال چمپئن شپ دوسری مرتبہ ملتوی

172

اسلام آباد(جسارت نیوز) پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے زیراہتمام 18جون سے کھیلی جانے والی قومی نیٹ بال چمپئن شپ ملک میں کورونا وائرس کے باعث ایک بار پھر ملتوی کر دی گئی ہے اب یہ چمپئن شپ27جون سے 30جون تک پاکستان اسپورٹس کمپلیکس، اسلام آباد میں کھیلی جائے گی۔ پاکستان واپڈا چمپئن شپ کے مرد اور خواتین کی ٹیمیں دونوں ایونٹس میں اپنے ٹائٹل کا دفاع کریں گی۔ پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے صدر مدثر آرائیں نے بتایا کہ ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی مختلف محکموں کی ٹیمیں نے کورونا وائرس کے باعث تربیت نہ ہونے پر 2 ہفتوں کیلیے ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی جس پر فیڈریشن نے جون کے آخری ہفتے چمپئن شپ منعقد کروانے کا اعلان کیا ہے۔چمپئن شپ میں ملک بھر سے مرد وں اور خواتین کی 16 ، 16 ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں پاکستان آرمی، پاکستان واپڈا، پاکستان پولیس، پاکستان ایئرفورس، پاکستان نیوی، پاکستان ریلوے، پاک بورڈز، ہائرایجوکیشن کمیشن،پنجاب،بلوچستان،سندھ، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، فاٹا، آزادجموں و کشمیر اور اسلام آباد کی ٹیمیں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چمپئن شپ شروع ہونے سے ایک دن قبل چمپئن شپ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کے منیجرز کا اجلاس ہوگا جس میں چمپئن شپ کے قوانین کے بارے میں آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ چمپئن شپ کے ڈراز کا اعلان بھی کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ یہ چمپئن شپ ملک میں کورونا وائرس کی لہر کے باعث اسی سال 2مرتبہ ملتوی ہو چکی ہے ۔چمپئن شپ 6 سے9 اپریل تک اور 18 سے 21جون تک اسلام آباد میں کھیلی جانی تھی تاہم ملک میں کورونا وائرس کی تیسری خطرناک لہر کے باعث چمپئن شپ کو ملتوی کر دیا گیا ہے۔