پاکستان لگا تار 6 سیریز جیتنے میں کامیاب ، بابر اعظم ابتدائی چاروں ٹیسٹ جیتنے والے پہلے کپتان

247

کراچی (سید وزیر علی قادری) پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹ ٹیم کو لگاتار 6 سیریز جیتنے اور بابراعظم کو بحثیت کپتان ابتدائی چاروں ٹیسٹ میچز میں کامیابی حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی کپتان بننے پر مبارکباد پیش کی ہے۔ان 6 سیریز میں قومی کرکٹ ٹیم کی جنوبی افریقا کیخلاف ہوم ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز ،پھر افریقا سفاری کے دوران جنوبی افریقاکے خلاف ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ انٹرنیشنل سیریز اور زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ سیریز جیتنا شامل ہیں۔پاکستان کرکٹ ٹیم کی 1952 سے شروع ہونے والی کرکٹ کی تاریخ میں یہ چھٹا موقع ہے کہ جب پاکستان نے لگاتار 6یا اس سے زائد مرتبہ سیریز جیتی ہوں۔اس سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم12-2011 میں لگاتار13، 16-2015 میں لگاتار9 ، 02-2001 میں لگاتار 8 اور 94-1993 اور 18-2017 میں لگاتار 6.,6 سیریز میں کامیابیاں سمیٹ چکی ہے۔جنوبی افریقا کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز کے دونوں میچز جیتنے والی قومی کرکٹ ٹیم نے کپتان بابراعظم کی زیرقیادت زمبابوے کے خلاف دونوں میچز میں ایک اننگز کے مارجن سے کامیابیاں حاصل کیں۔ اس فارمیٹ میں پاکستان مستقبل قریب میں ویسٹ انڈیز (2 ٹیسٹ) اور بنگلا دیش (2ٹیسٹ) کے خلاف سیریزشیڈول ہیں۔دورہ افریقا کے اختتام کے ساتھ ہی پاکستان کرکٹ ٹیم کی 21-2020 کی تمام بین الاقوامی معاہدے بھی مکمل ہوگئے۔پاکستان کرکٹ ٹیم نے کورونا وائرس کے غیرمعمولی حالات کے باوجود گزشتہ 12 ماہ میں9 ٹیسٹ، 6 ایک روزہ اور 19 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے۔اس دوران پاکستان نے 2017 کے بعد پہلی مرتبہ آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں5ویںپوزیشن حاصل کی۔ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ کے پوائنٹس ٹیبل پر فی الحال پاکستا ن دوسر ی پوزیشن پر براجمان ہے۔ اس موقع پر چیئرمین پی سی بی کا کہنا ہے کہ کرکٹ کا ایک سیزن تو مکمل ہوگیا تاہم دوسرے سیزن کاآغاز بھی جلد ہونے جارہا ہے جو کہ قدرے مشکل بھی ہوگاتاہم وہ پرامید ہیں کہ پاکستان کرکٹ ٹیم اپنی غلطیوں پر قابو پاکرآئندہ سیزن میں مزید بہتر کھیل پیش کرے گی۔پاکستان آئندہ کے معاہدے کے تحت انگلینڈ کے خلاف 3 ون ڈے(تینوں آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ کا حصہ ہیں) اور 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے ہیں، جس کے بعد قومی ٹیم دورہ ویسٹ انڈیز پر روانہ ہوجائے گی۔قومی ٹیم نے لگاتار چھٹی سیریز جیت لی، بابراعظم ابتدائی چاروں ٹیسٹ جیتنے والے پہلے پاکستانی کپتان بن گئے۔